جرمنی سے آنے والے پاکستانی کو زمین کھاگئی، یا آسمان نگل گیا

0

کراچی: زمین کھاگئی، یا آسمان نگل گیا، جرمنی سے کراچی پہنچنے والا پاکستانی طالبعلم ائر پورٹ سے باہر نکلنے کے  بعد پراسرار طور پر غائب ہوگیا،  گھر والوں کو سرپرائز دینے کا خواہشمند ان کے لئے غم کا سبب بن گیا، دوسری طرف پولیس اہلخانہ سے تعاون کے بجائے انہیں مختلف تھانوں کے چکر لگوارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں زیر تعلیم پاکستانی طالبعلم ریحان عطااللہ کے بھائی کی 12 دسمبر کو کراچی میں شادی تھی، شادی میں شرکت کے لئے ریحان یکم دسمبر کو جرمنی سے کراچی کے لئے روانہ ہوا، وہ گھر والوں کو سرپرایز دینا چاہتا تھا، اس لئے انہیں اپنی آمد کا نہیں بتایا تھا، ریحان 2 دسمبر کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ پر پہنچا اور ائر پورٹ سے باہر آیا، جس کے بعد سے وہ پراسرار طور پر غائب ہوگیا، اس کے گھر والوں کو بعد میں جرمنی فون کرنے پر علم ہوا کہ ان کا بیٹا کراچی جاچکا ہے، تو انہوں نے تلاش شروع کی، لیکن 4 روز گزرنے کے باوجود اس نوجوان کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ نوجوان کے گھر والے شدید پریشانی کے عالم میں اسے تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں، دوسری جانب انہیں پولیس سے شکایت ہے کہ وہ ان سے تعاون نہیں کررہی۔

والد کے مطابق سرپرائز دینے کیلئے ریحان اچانک کراچی پہنچا تھا، 12 دسمبر کو ریحان کے بھائی کی شادی ہے، جس کے بعد 20 دسمبر کو اسے واپس جانا تھا، انہوں نے بتایا کہ ہم نے پولیس سے رابطہ کیا تو وہ بیٹے کی تلاش میں مدد دینے کے بجائے ہمیں تھانوں کی حدود میں الجھا رہی ہے۔ ہماری رہائش سچل پولیس کی حدود میں ہے، وہاں کی پولیس کہتی ہے، کہ ریحان ائرپورٹ تھانے کی حدود سے لاپتہ ہوا ہے، اس لئے مقدمہ وہاں درج ہوگا، جبکہ ائرپورٹ پولیس کہتی ہے کہ رہائش سچل میں ہے، وہاں مقدمہ درج کروائیں، پولیس کی جانب سے اب تک قانونی کارروائی نہ ہونے پر ریحان عطا اللہ کے اہل خانہ کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.