تارکین کے کیمپ میں وبا پھیل گئی، حکام میں کھلبلی

0

برسلز: یورپی ملک میں تارکین وطن کے بڑے کیمپ میں وبا پھیل گئی، حکام کی دوڑیں لگ گئیں، سینکڑوں تارکین کو قرنطینہ کرنے کے لئے منتقل کردیا گیا، کیمپ میں ایک ہزار افراد کی گنجائش ہے، جبکہ اس میں گنجائش سے کہیں زیادہ تارکین وطن مقیم ہیں، جس سے وبا تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ملک سائپرس (قبرص )میں تارکین کے Pournara کیمپ میں کرونا کی وبا پھیل گئی ہے اور وبا سے متاثرین کے 80 سے زائد کیس سامنے آئے ہیں۔ اس کیمپ میں سینکڑوں تارکین مقیم ہیں اور گزشتہ ہفتے ہی سائپرس کے اپوزیشن ارکان پارلیمان نے کیمپ کے دورہ کے بعد اس میں سہولتوں کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ دارالحکومت نکوسیا کے قریب واقع اس کیمپ میں گنجائش سے کہیں زیادہ تارکین رکھے گئے ہیں۔ کیمپ ایک ہزار افراد کی گنجائش رکھتا ہے، جبکہ اس میں ڈھائی ہزار سے زائد تارکین کو رکھا گیا ہے۔ قبرص کے میڈیا کے مطابق کیمپ میں مقیم 82 تارکین کے کرونا ٹیسٹ پازیٹو آچُکے ہیں۔ جس کے بعد حکام نے فوری طور پر فوج سے مدد مانگی اور 30 سے زائد فوجی ٹرکوں میں متاثرین اور ان سے رابطے میں آنے والے 600 سے زائد تارکین کو 50 کلومیٹر دور Limnes  کے مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔

اس سینٹر کو ان تارکین کے لئے تعمیر کیا گیا تھا جن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہوں اور انہیں ڈیپورٹ کرنا مقصود ہو۔ تاہم چند ماہ قبل تعمیر مکمل ہونے کے باوجود یہ سینٹر خالی ہی پڑا تھا، اور اب اسے ان سینکڑوں تارکین کیلئے قرنطینہ سینٹر قرار دے دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.