اسپین نے غیرملکی ورکرز کیلئے ورک ویزوں کا اعلان کردیا

0

برسلز: اسپین نے غیرملکی ورکرز کیلئے ورک ویزوں کا اعلان کردیا، غیر یورپی ورکرز کو بالخصوص ان شعبوں میں ویزے دئیے جائیں گے، جن میں ورکرز کی شدید قلت محسوس کی جارہی ہے، اس فیصلے سے منظم امیگریشن کی بھی راہ ہموار ہوگی، اور غیر ملکی افراد اسپین آسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسپین نے غیر یورپی ممالک سے ورکرز لانے کے لئے کمپنیوں کو اجازت دے دی ہے، اور یہ اجازت تمام شعبوں کے لئے دی گئی ہے، ہسپانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یہ فیصلہ مختلف شعبوں میں ورکرز کی قلت دور کرنے کے لئے کیا گیا ہے، اس فیصلے کے بعد اسپین میں کاروباری ادارے یورپ سے باہر کے ممالک سے ورکرز کو ورک ویزے جاری کرکے انہیں ملک میں کام کے لئے لا سکیں گے، اسپین کی حکومت نے پہلی بار باہر سے لائے جانے والے ورکرز کے لئے ایک سال کے ویزے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس سے پہلے غیر یورپی ورکرز کو 9 ماہ کے ویزے دئیے جاتے تھے۔

ہسپانوی حکومت نے اپنے اس فیصلے کا گزٹ بھی جاری کردیا ہے، سرکلر کے مطابق ایسے شعبوں کے افراد اور کمپنیاں غیرملکی ورکرز لاسکیں گی، جنہیں افرادی قوت کی قلت کا سامنا ہے، ان رولز کے تحت غیرملکی ورکرز کے سماجی تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے، جن میں صاف ستھری رہائش اور سیفٹی رولز پر عمل شامل ہے، ہسپانوی وزیر برائے ہم آہنگی José Luis Escrivá کا کہنا ہے کہ نئے رولز سے ملک میں محفوظ اور ریگولر امیگریشن کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے اسپین میں صرف مخصوص شعبوں میں غیرملکی ورکرز بلانے کی اجازت دی تھی، لیکن اب تمام شعبے اس کیلئے کھول دئیے گئے ہیں، اس وقت اسپین کو زراعت، تعمیرات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں ورکرز کی قلت کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی ملک نے پاکستانی نوجوانوں کو ویزے دینے کیلئے بڑی پیشکش کردی

بینک آف اسپین کے حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اسپین میں 27 فیصد اداروں کو ملازمین کی کمی سامنا ہے، رپورٹ کے مطابق غیر ملکی ورکرز لانے کے لئے ان ممالک کو ترجیح دی جائے گی، جن کے ساتھ اسپین کے معاہدے موجود ہیں۔

خیال رہے کہ برطانیہ و جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک کو بھی ورکرز کی قلت کا سامنا ہے، اور اس حوالے سے دونوں ممالک میں ورکرز کو لانے کیلئے نئی اسکیمز لائی جارہی ہے، دوسری جانب برطانیہ نے پاکستانی نوجوانوں کو دعوت دی ہے کہ وہ نئے امیگریشن نظام سے فائدہ اٹھائیں، اور تعلیم و روزگار کے لئے برطانیہ آئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.