اٹلی میں چور انگوٹھی کے ساتھ اپنی انگلی بھی چھوڑ کر فرار

0

روم: چور کوئی نہ کوئی نشانی چھوڑ جاتا ہے، بھاگتے چور کی لنگوٹی ہی سہی، یہ کہاوتیں تو آپ نےسن رکھی ہوں گی، لیکن اٹلی میں اب ایک ایسے چور کا معاملہ سامنے آیا ہے، جو اپنا چھلہ ہی نہیں اس کے ساتھ انگلی بھی نشانی چھوڑ گیا ہے۔

جی ہاں یہ معاملہ سامنے آیا ہے، میلان شہر میں ، جہاں منگل کی شب 2 چور کار میں ری سائیکلنگ پلانٹ پر پہنچے، اور چوری کی نیت سے اندر جانے کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود گارڈ کی نظر ان پر پڑگئی ، اور اس نے چوروں کو چیلنج کیا، جس پر چوروں نے دوڑ لگادی، اور باڑ عبور کرتے ہوئے وہاں سے فرار ہوگئے، گارڈ تو یہ سمجھا کہ چور آئے تھے، اور اس کے چیلنج کرنے پر بھاگ گئے ، لیکن بدھ کو ایک بار پھر ایک مشکو ک کار وہاں آکر رکی، اور اس میں موجود 2 افراد نے باڑ کے قریب کچھ چیز تلاش کرنے کی کوشش کی، جس پر وہاں موجود گارڈ نے پولیس کو فون کردیا۔ پولیس کے آنے سے قبل ہی کار سوار وہاں سے فرار ہوگئے، تاہم جب پولیس نے اس جگہ کا معائنہ کیا ، تو وہاں ایک انسانی انگلی پڑی ہوئی تھی، اور اس میں ایک انگوٹھی بھی تھی، جو شائید چور کی منگنی یا شادی کی انگوٹھی ہوگی۔

انگلی سامنے آنے پر علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا گیا ، جس کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ پہلے روز گارڈ آنے پر جب چور وہاں سے فرار ہوئے تو ایک کی انگلی باڑ کے ساتھ پھنس کر الگ ہوگئی ، اور دوسرے روز جو 2 لوگ آئے تھے، وہ اس کٹی ہوئی انگلی کی تلاش میں آئے تھے، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا ‘‘ کے مطابق پولیس کو چور کی جو انگلی ملی ہے، وہ دائیں ہاتھ کی ہے، جسے اب اسپتال میں رکھ دیا گیا ہے،اور اس انگلی کے مالک کی تلاش ہے، پولیس فنگر پرنٹ کے اپنے ڈیٹا کے ذریعہ بھی انگلی کھونے والے چور کی شناخت کرنے کی کوشش کررہی ہے،

Leave A Reply

Your email address will not be published.