امریکی قونصل خانہ کا سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کے ساتھ معاہدہ، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگہی مہم چلائیں گے

0

کراچی: امریکی قونصل خانہ کراچی نے لیجنڈری کرکٹر یونس خان کے ساتھ موسماتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے آگہی مہم چلانے کا معاہدہ کرلیا۔

امریکی قونصل خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے آگاہی مہم چلائیں گے۔ اس موقع پر جاری ویڈیو بیان میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ماحولیات کے تحفظ کیلئے درختوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ درخت بھی سڑکوں، عمارتوں اورتفریحی سہولیات کی طرح کمیونٹی کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ ہے، درخت آکسیجن کم کرکے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کم کرکے آب وہوا کی تبدیلی کا مقابلہ کرتے ہیں، جبکہ درخت آلودگی پھیلانے والی گیسوں کو جذب کرکے ہوا کو بھی صاف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت گلیوں کوسایہ فراہم کرکے اور اپنے پتوں کے ذریعے پانی کے بخارات چھوڑ کر شہروں کا درجہ حرارت 1 سے 2 ڈگری تک کم کرتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ شہری علاقون میں درختوں کی موجودگی ذہنی اور نفسیاتی صحت کو بہتر بناتی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.