ائیرپورٹ پر یورو سے بھرا سوٹ کیس پکڑا گیا

0

کراچی: ملک سے منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی سے یورو سے بھرا سوٹ کیس پکڑا گیا، خاتون سمیت دو ملزم کروڑوں روپے مالیت کی یورو کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے، جو ائیر پورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) نے ناکام بنادی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سے کروڑوں روپے مالیت کی یورو کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوششش ناکام بنادی گئی ہے، ائیر پورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) نے کراچی ائیرپورٹ پر چیکنگ کے دوران سوٹ کیس میں چھپائے گئے 6 لاکھ 16 ہزار مالیت کے یورو کرنسی نوٹ بر آمد کرلئے، جو سوا بارہ کروڑ روپے کے قریب بنتے ہیں۔ مذکورہ کرنسی منی لانڈرنگ کی غرض سے دبئی لے جائی جارہی تھی۔ اے ایس ایف حکام نے ملزمان عبید صدیقی اور اس کی ساتھی اقصی صدیقی کو حراست میں لینے کے بعد مزید کارروائی کے لئے کسٹم کے حوالے کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان آپس میں بہن بھائی ہیں اور انہوں نے امیگریشن کاؤنٹر پر 10ہزار امریکی ڈالر ظاہر بھی کئے تھے۔ دونوں مسافر ایمریٹس ائیر لائن کی پرواز EK-605 کے ذریعے دبئی جارہے تھے۔

خاتون سمیت دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون سمیت دونوں ملزم بظاہر کیرئیر لگتے ہیں۔ جو کسی سے پیسے لے کر کرنسی اسمگل کررہے تھے۔ معاملے کے پیچھے کون ہے اور کرنسی کس کی ملکیت ہے۔ اس حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔ اے ایس ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.