اٹلی میں پاکستانیوں سمیت غیرملکیوں کیلئے ورک پرمٹ اسکیم شروع

0

روم: اٹلی میں قانونی طور پر ورک پرمٹ حاصل کرکے آنے کا راستہ کھل گیا، اس حوالے سے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کردیا گیا ہے، پاکستان سمیت جن ملکوں کے ورکرز اس اسکیم میں شامل ہونے کے اہل ہیں، ان کی فہرست بھی سامنے آچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کی حکومت نے 14 ہزار سیزنل زرعی ورکرز سمیت 64 ہزارورک پرمٹ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا، اور اس اسکیم کے تحت کمپنیوں اور افراد سے غیرملکی ورکرز منگوانے کے لئے درخواستوں کی وصولی یکم فروری منگل سے شروع کردی گئی ہے، یہ درخواستیں آن لائن اس سائٹ https://nullaostalavoro.dlci.interno.it پر جمع کی جارہی ہیں اور 17 مارچ تک ورکرز منگوانے کے لئے درخواستیں جمع کرائی جاسکیں گی، جن شعبوں میں غیرملکی ورکرز کو بلایا جاسکتا ہے، ان میں زراعت ، سیاحت و ہوٹلنگ کی صنعت شامل ہیں، جن ملکوں سے ورکرز بلوائے جاسکتے ہیں، ان میں پاکستان ، بھارت، بنگلہ دیش، البانیہ ، الجزائر، بوسنیا، جنوبی کوریا، مصر، کوسوو، مراکش، مالی ، مالدووا، نائیجر، مونٹی نیگرو، گھانا، گھمبیا، موریطانیہ گوئٹے مالا، ایل سلواڈور، ایوری کوسٹ، ایتھوپیا، فلپائن، نائیجیریا، شمالی مقدونیہ ، سربیا، سوڈان تیونس، یوکرائن ، سینیگال شامل ہیں۔

درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کو معیار بنا کر دیکھی جائیں گی، یعنی جو درخواست جتنی جلدی دی جائے گی، اس کی منظوری کا امکان اتنا زیادہ ہوگا، اطالوی کسانوں کی تنظیم Coldiretti کا کہنا ہے کہ زراعت کے شعبے کا کافی حد تک انحصار غیر ملکی ورکرز پر ہے، فصلیں بچانے اور ان کی دیکھ بھال کے لئے کسانوں کو زرعی ورکرز کی اشد ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.