مہنگائی کا نیا ریکارڈ، اب تھوڑا سا گھبرالیں، یورپی بینک کو ماہرین کا مشورہ 

0

برسلز: اٹلی سمیت یورپی ممالک میں مسلسل تیسرے ماہ مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، یورپی بینک کی پیش گوئیاں غلط ثابت ہوگئیں، جس کے بعد  کئی ماہرین نے کہا ہے کہ بینک کو اب مہنگائی پر تھوڑا سا گھبرا لینا چاہئے، اور اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔

 تفصیلات کے مطابق یورپی شماریاتی ادارے نے جنوری کے مہینے میں یورو کرنسی استعمال کرنے والے 19 ممالک میں مہنگائی کی شرح کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق تیل و گیس کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے مسلسل تیسرے مہینے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ برس جنوری کے مقابلے میں رواں برس جنوری میں قیمتوں میں 5.1 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ دسمبر میں بھی ریکارڈ اضافہ 5 فیصد تھا جبکہ نومبر میں یہ اضافہ 4.9 فیصد تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں ناشتہ بھی جیب پر بھاری پڑنے لگا، اسپین میں بھی مہنگائی سے برا حال

1997ء کے بعد سے جب اس ادارے نے اعداد وشمار جمع کرنے کا عمل شروع کیا تھا، گزشتہ تین ماہ کے دوران مہنگائی میں یہ سب سے زیادہ اضافہ تھا۔ اس دوران اٹلی میں مہنگائی کے اعداد وشمار بھی سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق مہنگائی کا 26 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ اطالوی شماریاتی ادارے ISTAT کے مطابق افراط زر کی شرح دسمبر کے 3.9 فیصد سے بڑھ کر جنوری میں 4.8 فیصد ہوگئی، جو 1996 کے بعد سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔تیل ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں سب سے زیادہ 38 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ عام استعمال کی اشیاء 3.2 فیصد مہنگی ہوئی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یورو زون میں مہنگائی کے اعداد وشمار نے یورپی  بینک کے اندازوں کو غلط ثابت کردیا ہے، جس کا خیال تھا کہ نومبر کے بعد مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، اگرچہ یورپی بینک کی سربراہ کرسٹینا لیگارڈ نے بدھ کو یہ اعداد وشمار سامنے آنے سے پہلے ایک بار پھر یہ کہا تھا کہ وہ فوری طور پر شرح سود بڑھانے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائے رے مہنگائی، بڑے یورپی ملک میں عوام کی خیراتی اداروں پر لائنیں

تاہم یورپی بینک پر اب اس حوالے سے دباؤ بڑھے گا، ایک بڑے بینک سے جڑے اکانومسٹ Jörg Krämer نے یورپی بینک کو گھبرانے کا بالواسطہ مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب بینک کس چیز کا انتطار کررہا ہے۔

دوسری جانب اسپین میں بھی مہنگائی کا 33 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، 1989 کے بعد پہلی بار سالانہ افراط زر کی شرح 6 اعشاریہ 7 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.