کتنی کرنسی لارہے ہو، کتنی لے جارہے ہو، سب پتہ چل جائے گا، ائیرپورٹس پر نیا نظام نصب

0

اسلام آباد: کتنے یورو، ڈالر، پاؤنڈ، ریال، درہم، دینار یا کوئی اور کرنسی ساتھ ملک میں لارہے ہیں، اور کتنے پاکستان سے لے جارہے ہیں، اب یہ سب کچھ بتانا ہوگا، حکومت نے ملکی ہوائی اڈوں پر نیا نظام نصب کردیا، جس کے بعد کچھ چھپایا نہیں جاسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے منی لانڈرنگ اور ملک سے غیر قانونی طور پر سرمایہ باہر لے جانے کا راستہ روکنے کے لئے جدید نظام تیار کرکے نصب کرنا شروع کردیا ہے، پہلے مرحلے میں اسلام آباد ائرپورٹ پر یہ نظام نصب کردیا گیا ، جبکہ باقی ہوائی اڈوں اور زمینی بارڈر پر قائم گزر گاہوں پر بھی یہ نظام لگایا جارہا ہے، نئے نظام کو نادرا اور ایف آئی اے کے ڈیٹا سے منسلک کردیا گیا ہے، اس سے پہلے ہوائی اڈوں پر شک پڑنے پر پاکستان آنے یا باہر جانے والے کسی مسافر سے کرنسی کا ڈیکلئیریشن فارم ہاتھ سے بھروایا جاتا تھا، تاہم نئے نظام میں اسے کمپیوٹرائزڈ اور نادرا کے ڈیٹا سے جوڑدیا گیا ہے، اور تمام آنے اور جانے والے مسافروں کے لئے اب کرنسی ڈیکلئیر کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، اب مسافروں کو کوئی فارم نہیں بھرنا پڑے گا، بلکہ ہر مسافر کے پاس موجود کرنسی کا امیگریشن کاؤنٹر کے کمپیوٹر میں اندراج کیا جائے گا، اس طرح حکومت کو یہ پتہ چلتا رہے گا کہ ملک میں کتنی غیرملکی کرنسی آئی ہے، اور کتنی باہر گئی ہے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ایکسچینج کمپنیوں کو بھی کمپیوٹرائزڈ پی او ایس نظام سے منسلک کیا جار ہا ہے، اور یہاں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو بینکوں اور اسٹیٹ بینک کے ڈیٹا سے جوڑ کر دیکھا جائے گا، جس سے غیرملکی کرنسی کے پورے نظام میں شفافیت آئے گی، اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ روکنے میں مدد ملے گی، جبکہ کرنسی مارکیٹ میں بھی استحکام آئے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.