ایشیائی غیر قانونی تارکین کی کھیپ اٹلی پہنچ گئی 

0

روم: غیرقانونی تارکین وطن کی بڑی تعداد تو بحیرہ روم کے ذریعہ اٹلی کا رخ کرتی ہے، تاہم اس بار سڑک کے ذریعہ بھی ایک گروپ گاڑی میں چھپ کر اٹلی  پہنچ گیا ہے، جبکہ جرمنی میں بھی پولیس نے ایک گروپ کو اسی  طرح داخل ہوتے ہوئے پکڑ لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پانی کے شہر کی شہرت رکھنے والے اطالوی شہر وینس کے قریب سے 10 غیرملکی پکڑے گئے ہیں، جن میں سے 7 کی عمریں 18 برس سے کم بتائی گئی ہیں، یہ لڑکے اس وقت پکڑے گئے، جب رومانیہ سے آنے والے ٹرک کے ڈرائیور نے پولیس کو اطلاع دی کہ اسے گاڑی کے پچھلے حصے سے انسانی آوازیں آرہی ہیں، جس پر پولیس نے Arino کے علاقے میں ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا، ٹرک کی تلاشی کے دوران اس میں چھپے ہوئے لڑکے برآمد ہوئے، جن میں سے 3 کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے، جبکہ 7 افغانی ہیں، انہوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ رومانیہ سے ٹرک میں سوار ہوئے تھے۔

دوسری طرف جرمنی میں بھی پولیس نے ایک ٹرک سے 4 افغان نوجوانوں کو برآمد کیا ہے، یہ ٹرک بھی رومانیہ سے تعلق رکھنے والا ڈرائیور چلا ر ہا تھا،  پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں سے 2 کی عمر 18 برس سے کم ہے، پولیس نے ان سے پوچھ گچھ  کی ہے، اور حکام کا کہنا ہے کہ انہیں انسانی اسمگلنگ کے نئے روٹس اور ملوث اسمگلروں کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.