اٹلی میں ہر طرف مہنگے تیل کی دہائی، پیٹرول پمپ بند کرنے کی وارننگ

0

روم: عالمی منڈی میں بے قابو تیل قیمتوں کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت ہل کر رہ گئی ہے، ایسے میں اٹلی میں عوام سے لے کر کسانوں اور پیٹرول پمپ مالکان تک ہر کوئی مہنگے تیل کی دہائی دیتا نظر آرہا ہے، پیٹرول پمپ مالکان نے تو پمپ بند کرنے کی وارننگ دے دی ہے، اس حوالے سے ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرول ایک یورو 85 سینٹ جبکہ ڈیزل کے فی لیٹر نرخ ایک یورو 70 سینٹ (پاکستانی کرنسی میں 350 روپے) تک پہنچ گئے ہیں، جو گزشتہ 10 برسوں کی بلند ترین سطح ہے، تیل مہنگا ہونے سے اوسطاً فی خاندان سالانہ اخراجات 400 یورو تک بڑھ گئے ہیں، ایسے میں اٹلی کے صارفین کی قومی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر تیل قیمتیں کم کرانے کے لئے اقدام کرے، صارفین کی تنظیم Codacons کے صدر کارلو رینزی اور قومی صارف تنظیم کے Massimiliano Dona کا کہنا ہے کہ ایک سال میں تیل 24 فیصد مہنگا ہوگیا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی مشکل ہوگئی ہے، تیل مہنگا ہونے کے اثرات ہر چیز پر پڑرہے ہیں۔

پیٹرول پمپ بند ہونے کا خطرہ

اٹلی میں پیٹرول پمپوں کی تنظیم نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے جلد بڑھتی تیل قیمتوں کا کوئی حل نہ نکالا تو بیشتر پیٹرول پمپ بند ہوجائیں گے، وزیراعظم ماریودراغی اور متعلقہ وزار کے نام خط میں ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ تیل قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کی وجہ سے سیل کم رہ گئی ہے، دوسری طرف بینکوں کے قرضے اور بلوں میں اضافہ ہورہا ہے، جس کی وجہ سے پیٹرول پمپوں کے لئے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے، اگر جلد مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو پیٹرول پمپ بند ہونے لگیں گے، اور وہاں کام کرنے والےبے روزگار ہوجائیں گے، خط میں حکومت سے اپیل کی گئی ہےکہ وہ پیٹرول پمپوں کو بندش سے بچانے کے لئے فوری ریلیف فراہم کرے۔

کسانوں کا احتجاج

دوسری طرف سردانیہ میں کسانوں نے ٹریکٹروں کے ساتھ مارچ کیا ہے، جس میں انہوں نے تیل اور بجلی مہنگی کرنے کے خلاف احتجاج کیا، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا ‘‘ کے مطابق کسانوں نے شام 6 بجے Nuoro کے علاقے میں یہ احتجاج کیا ہے، احتجاج کی وجہ سے ٹریفک بھی متاثر ہوا، اس موقع پر کسانوں نے مطالبہ کیا کہ تیل سمیت ان کے زیر استعمال اشیا کی قیمتوں میں کمی کی جائے ، اس دوران جنوری کے دوران گیس مہنگی ہونے کے حوالے سے رپورٹ بھی آگئی ہے، جس کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران پچھلےسال کے اسی مہینے کے مقابلے میں یورپ میں گیس660 فیصد مہنگی ہوئی، گیس مہنگی ہونے سے اٹلی میں بجلی بھی مہنگی ہورہی ہے، اور جنوری میں اٹلی میں فی میگاواٹ قیمت 224 یورو رہی ، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 372 فیصد زائد ہے، کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ اتنی مہنگی گیس اور بجلی خریدنے کےمتحمل نہیں ہوسکتیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.