سعودی عرب نے مغربی ممالک کے ویزا ہولڈرز کیلئے سرزمین کھول دی
ریاض: سعودی عرب نے مغربی ممالک کے شہریوں، ورک پرمٹ رکھنے والوں کے بعد وہاں کا ویزا رکھنے والوں کے لئے بھی اپنی سرزمین کھول دی ہے، اور انہیں بڑی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مغربی ممالک کے شہریوں اور وہاں کے پرمٹ رکھنے والے پاکستانیوں سمیت دیگر غیرملکیوں کو سعودی عرب نے ای ویزا کی سہولت پہلے سے فراہم کر رکھی ہے، تاہم اب یہ سہولت ان غیرملکیوں کو بھی دینے کا اعلان کیا ہے، جن کے پاس یورپی ممالک، برطانیہ اور امریکہ کے وزٹ ویزا ہوں گے، ان ممالک کے وزٹ ویزا ہولڈر اب سعودی عرب آنے کے لئے ای ویزا کی سہولت سے استفادہ کرسکیں گے، انہیں سعودیہ کا ویزا حاصل کرنے کے لئے سفارتخانے یا قونصلیٹ جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ وہ خود یا ٹریول ایجنٹ کے ذریعہ سعودیہ کا ای ویزا گھر بیٹھے حاصل کرکے وہاں جاسکیں گے، البتہ سعودی عرب میں آنے سے پہلے ضروری ہوگا کہ جس ملک کا وزٹ یا بزنس ویزا انہوں نے لگوایا تھا، وہاں سے وہ ہو کر آئیں، یعنی اگر آپ پاکستانی ہیں اور آپ نے یورپی شینگین، برطانیہ یا امریکہ کا ویزا حاصل کیا ہے، تو آپ پہلے ان ممالک جائیں گے اور واپسی پر ای ویزا حاصل کرکے سعودی عرب میں قیام کرسکیں گے۔
سعودی وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا فوری طور پر اطلاق کردیا گیا ہے، تاہم ای ویزا ہولڈرز حج کے سیزن میں عمرہ کے لئے نہیں جاسکیں گے اور مکہ ومدینہ میں انہیں حج سیزن میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔