یورپی ممالک میں ڈلیوری کا کام کرنے والوں کے لئے خوشخبری

0

برسلز: یورپی یونین کے ممالک میں ڈلیوری کا کام کرنے والے ورکرز کے لئے خوشخبری ہے، یورپی ممالک نے ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لئے نئے قانون پر اتفاق کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک میں ڈلیوری کا کام کرنے والے ورکرز کے حقوق کے حوالے سے وقتاً فوقتاً مختلف تنظیموں اور حکومتوں کی جانب سے تشویش ظاہر کی جاتی رہی ہے، اسپین سمیت کچھ یورپی ملکوں نے اس حوالے سے اپنے طور پر کچھ قوانین بھی بنائے ہیں، تاہم یورپی یونین کی سطح پر ڈلیوری ورکرز کے لئے کوئی مشترکہ قانون و ضابطہ سامنے نہیں آیا تھا، لیکن اب یورپی ممالک اس حوالے سے نئے معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔

یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک سویڈن نے اعلان کیا ہے کہ رکن ممالک کے وزرائے لیبر نے ڈلیوری کمپنیوں ’’اوبر‘‘، ڈلیورو،اور گلوو سمیت دیگر کے ساتھ کام کرنے والے ورکرز کےلئے نئے رولز بنانے پر اتفاق کرلیا ہے، اس کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ ڈلیوری کا کام کرنے والوں کو سیلف ایمپلائیڈ یعنی اپنا روزگار کرنے والے خانے سے نکال کر ان کمپنیوں کا ملازم قرار دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں یہ کمپنیاں ان ڈلیوری ورکرز کوورکر کے حقوق دینے کی پابند ہوجائیں گی، یورپی حکومتوں کے درمیان اتفاق رائے کے بعد اب یہ معاملہ یورپی پارلیمان اور کمیشن کے حوالے کیا جائے گا، جو اسے حتمی شکل دیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.