جرمنی لڑکی فلمی انداز میں غائب، سینکڑوں میل دور پہنچنے کا معمہ

0

برلن: جرمنی میں لڑکی فلمی انداز میں غائب ہوگئی، اور پھر سینکڑوں میل دور ایک دوسرے ملک میں پائی گئی، نہ تو پیسے و پرس لے کر گئی تھی اور نہ ہی موبائل فون، لڑکی کے معاملے کی پراسراریت پر حکام بھی پریشان ہوگئے، لیکن والدین نے اس کی ایک عجیب وغریب وجہ بتائی ہے،

تفصیلات کے مطابق 16 سالہ جرمن لڑکی ازابیلہ Isabella جرمنی کی ریاست لوئر سیکسونی میں اپنے گھر سے 22 مارچ کو اچانک غائب ہوگئی، لڑکی کا پرس اور موبائل فون بھی گھر پر موجود تھا، ان کے گھر والے حیران و پریشان تھے کہ لڑکی تو گھر میں آن لائن کلاس لے رہی تھی، اس کا چھوٹا بھائی بھی گھر پر تھا، پھر وہ اچانک کہاں غائب ہوگئی، لڑکی کے والدین جو   کام پر گئے ہوئے تھے، واپس گھر پہنچے تو ازابیلہ کو نہ پاکر فوری پولیس سے رجوع کیا، ان کی پریشانی یوں بھی بڑھ رہی تھی کہ ان کی بچی اپنے ساتھ نہ تو پیسے و پرس لے کر گئی تھی اور نہ ہی موبائل فون، دونوں چیزیں گھر پر ہی موجود تھیں۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر جرمن پولیس نے لڑکی کی تلاش شروع کی، اس کے لئے سراغ رساں کتے بھی میدان میں اتارے گئے،  تاہم گھر کے قریب سے ازابیلہ کے نشان غائب ہوگئے، جس پر حکام کی پریشانی  بڑھ گئی کہ آخر لڑکی گئی تو گئی کہاں، اب  گمشدگی کے دو ہفتوں بعد جرمن فیڈرل پولیس کے حکام کو پیرس میں ملنے والی ایک لڑکی کی فیس بک پوسٹ دیکھنے کو ملی، تو انہیں اس کا چہرہ ازابیلہ سے ملتا جلتا نظر آیا۔

پیرس میں فرانسیسی حکام سے رابطہ کیا گیا، تو تصدیق ہوگئی کہ ازابیلہ اپنے گھر سے 800 کلومیٹر دور فرانسیسی دارالحکومت پہنچ چکی ہے، پیرس میں جب ازابیل ملی تو وہ نہ صرف خالی ہاتھ تھی، بلکہ اپنی یادداشت بھی کھوچکی تھی، اس کی صحت ٹھیک تھی، اسے کسی قسم کا نقصان بھی نہیں پہنچا ہوا تھا، لیکن وہ اپنا سب کچھ بھول چکی ہے۔ فرانسیسی حکام نے جرمن لڑکی کا طبی معائنہ کرایا ہے، لیکن اب تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ آخر ازابیلہ کی یادداشت کیوں کھو گئی ہے، اس کے ساتھ کیا ہواہے، فرانسیسی حکام نے فی الحال لڑکی کو اس کے خاندان کے حوالے بھی نہیں کیا، اور ان کا کہنا ہے کہ وہ مزید طبی معائنے کرارہے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ازابیلہ کی یادداشت کھونے کی وجہ پتہ چلائی جاسکے اور اسے واپس لانے کے لئے  کوشش کی جائے۔

دوسری طرف ازابیلہ کے والد تھامس کا کہنا ہے کہ وہ بھی حیران ہیں کہ ان کی بیٹی کیسے 800 کلومیٹر دور پیرس جاپہنچی، اور اس کی یادداشت بھی کیوں کھوگئی ہے، تاہم انہوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یادداشت کھونے کی وجہ کرونا کی وجہ سے لگا ہوا لاک ڈاؤن ہوسکتا ہے، جس نے بچوں کے ذہنوں کو شدید متاثر کیا ہے، اور وہ ڈپریشن کا شکار ہورہے ہیں، جرمن پولیس ترجمان  Brigit Insingerکا کہنا ہے کہ لڑکی کے ملنے کے بعد انہوں نے کیس کو بند کردیا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ معمہ ابھی تک حل نہیں ہوا کہ ازابیلہ آخر کیسے 800 کلومیٹر دور پیرس سے برآمد ہوئی ہے، اس پر ہم بھی حیران ہیں، اگر لڑکی کی یادداشت واپس آجاتی ہے، اور وہ کچھ بتاتی ہے، تو کیس دوبارہ کھل سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.