بھارت میں کرونا صورتحال سنگین

0

دہلی: بھارت میں کرونا سے صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے، اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے کی وجہ سے لوگ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سسک رہے ہیں، اموات میں بڑے پیمانے پر اضافے کی وجہ سے لاشیں جلانے والی بھٹیاں بھی جواب دے رہی ہیں، ماہرین نے اموات کے حکومتی اعداد وشمار کو بھی غلط قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرونا کی صورتحال انتہائی نازک ہوگئی ہے، جمعرات کو بھارت میں سوا تین لاکھ کے قریب نئے کیس سامنے آئے،  جو کہ کسی بھی ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز کا ریکارڈ ہے، جبکہ سرکار نے اموات کی تعداد 2 ہزار 104 بتائی ہے، تاہم بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت مرنے والوں کی تعداد چھپا رہی ہے، اور اموات کی شرح  کہیں زیادہ ہے، کانپور میں لاشیں جلانے والی ایک بھٹی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہاں 90 سے زیادہ لاشیں گزشتہ روز جلائی گئیں، جبکہ سرکاری ریکارڈ تین لاشیں ظاہر کرتا رہا، اس دوران بدھ کو ریاست مہاراشٹر کے اہم شہر ناسک کے ذاکر حسین اسپتال میں آکسیجن گیس کے اسٹوریج روم میں لیکیج کی وجہ سے کرونا مریضوں کو آکسیجن سپلائی بند ہوگئی اور 22 افراد ہلاک ہوگئے۔

اسپتالوں کی صورتحال

دہلی اور ممبئی سمیت کئی بھارتی شہروں میں اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوگئی ہے، مریضوں کو باہر ایمبولینسوں میں اور فٹ پاتھوں پر آکسیجن سلنڈر لگا کر ان کی جانیں بچانے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسی فوٹیج بھی سامنے آئی ہیں، جن میں مریضوں کے لواحقین اپنے پیاروں کو بچانے کے لئے مدد کو پکار رہے ہیں۔

جو انہیں مناسب نہیں مل پا رہی، آکسیجن کی ڈیمانڈ بڑھنے کی وجہ سے اس کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے، اور آکسیجن کا ٹرک لوٹنے کا واقعہ بھی رپورٹ ہوا ہے، دہلی میں حکومت نے کئی شادی ہال کرونا مریضوں کے لئے مختص کردئیے ہیں، لکھنو  کے لوہیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سے وابستہ  ڈاکٹر ایس کے پانڈے کا کہنا ہے کہ انفکیشن بہت خطرناک ہے، اور یہ اتنی تیزی سے پھیل رہا ہےکہ  لوگوں کو ادویات لینے کا موقع بھی نہیں دے رہا، ہم ٹیسٹ کررہے ہوتے ہیں کہ اس دوران ہی کئی مریض دم توڑ دیتے ہیں۔

شمشان گھاٹوں کی صورتحال

شمشان گھاٹوں میں بڑی تعداد میں لاشیں جلانے کے لئے پڑی ہیں، لیکن کئی کئی دن تک ان کا نمبر نہیں آرہا، جس سے لواحقین کی تکلیف مزید بڑھ جاتی ہے، دوسری طرف بلا تعطل لاشیں جلائے جانے سے مشینیں بھی جواب دے رہی ہیں، ریاست گجرات کے شہروں سورت اور احمد آباد کے شمشان گھاٹوں میں مسلسل لاشیں جلانے سے مشینوں کے پرزے پگھلنا شروع ہوگئے ہیں۔ سورت کے شمشان گھاٹ چلانے والے ٹرسٹ کے سربراہ کملاش کا کہنا تھا کہ مسلسل لاشیں جلانے سے اب مشینوں کے پرزے پگھلنا شروع ہوگئےہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.