یو اے ای سمیت مزید ملکوں کی بھارت پر سفری پابندی، 300 مسافر فرار ہونے پر کھلبلی

0

دبئی: بھارت میں ریکارڈ کرونا کیسز کے بعد متحدہ عرب امارات اور کینیڈا سمیت مزید کئی ممالک نے بھی سفری پابندیاں لگادی ہیں، کینیڈا نے پاکستان کا نام بھی سفری پابندیوں میں شامل کردیا، دوسری طرف بھارت میں 300 فضائی مسافر ائرپورٹ سے ٹیسٹ کرائے بغیر فرار ہوگئے ہیں، جس سے کھلبلی مچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 24 اپریل بروز ہفتہ رات 12 بجے سے بھارت سے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پرپابندی لگادی ہے، پابندی کا اطلاق ابتدائی طور پر 10 روز کے لئے کیا گیا ہے، بھارت سے آنے والے ٹرانزٹ مسافروں کو بھی عرب امارات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف وہ ٹرانزٹ بھارتی مسافر یو اے ای آسکیں گے، جو کسی اور ملک  میں 14 روز قیام  کرکے آرہے ہوں، یواے ای نے بھارت پر سفری پابندی ایسے موقع پر لگائی ہے، جب وہاں ریکارڈ 3 لاکھ 32 ہزار کیس جمعرات کو سامنے آئے ہیں، اور صورتحال بے قابو ہوچکی ہے، متحدہ عرب امارات کے علاوہ سنگاپور اور کینیڈا نے بھی بھارت سے مسافروں کا داخلہ بند کردیا ہے، کینیڈا نے یہ پابندی ایک ماہ کے لئے لگائی ہے، لیکن ساتھ ہی پاکستان کا نام بھی اس میں شامل کردیا ہے۔

مسافر فرار

اس دوران آسام کے سلچار ائرپورٹ پر 300 فضائی مسافر کرونا ٹیسٹ سے بچنے کے لئے ہنگامہ کرکے فرار ہوگئے ہیں، جس پر کھلبلی مچ گئی ہے، کیوں کہ ان میں کرونا کی مشتبہ مریض بھی شامل ہوسکتے ہیں، ریاست آسام نے تمام فضائی مسافروں کے لئے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دے ر کھا ہے، جس کے لئے مسافروں سے 500 روپے وصول کئے جاتے ہیں، ایک اعلیٰ افسر سمیت ستوان کا کہنا ہے کہ 300 مسافر مختلف ریاستوں سے آنے والی پروازوں کے ذریعہ پہنچے تھے،  انہیں ائرپورٹ کے قریب واقع اسپتال میں ٹیسٹ کے لئے لے جانا تھا، لیکن مسافروں نے شور شرابہ اور ہنگامہ شروع کردیا، اور اس کی آڑ میں فرار ہوگئے، حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کا ڈیٹا ان کے پاس موجود ہے، اور انہیں تلاش کرکے کارروائی کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.