بھارتی وائرس برطانیہ پہنچنے پر کھلبلی، ماہرین، اپوزیشن حکومت پر برہم

0

لندن: بھارت پر سفری پابندیاں تاخیر سے لگانا برطانیہ کو مہنگا پڑگیا، خطرناک بھارتی کرونا وائرس برطانیہ پہنچ گیا ہے، اور مریض سامنے آنے پر برطانوی  ماہرین میں کھلبلی مچ گئی ہے، دوسری طرف اپوزیشن نے بھی ملک میں بھارتی وائرس آنے کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں پھیلے ہوئے خطرناک کرونا وائرس کے مریض برطانیہ میں بھی بڑھنے لگے ہیں، اور اب تک 215 مریض سامنے آگئے ہیں،   بھارتی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد جوں جوں بڑھ رہی ہے، برطانوی ماہرین کی پریشانی میں اضافہ ہو رہا ہے، برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق   سینئیر سائنسدان اور اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے صورتحال کا ذمہ دار بورس جانسن کی حکومت کو قرار دیا ہے، جس نے ایک ماہ قبل بھارت میں اس خطرناک وائرس کا پتہ چلنے کے باوجود وہاں سے ہزاروں افراد کو قرنطینہ کی شرط کے بغیر آنے کی اجازت دی، اگرچہ اب بھارت کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ تاخیر کا نقصان پہلے ہی ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ نے بھارت کو بھی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا، وزیراعظم کا دورہ منسوخ

 برطانیہ جو ابھی کئی ماہ بعد لاک ڈاؤن سے آہستہ آہستہ باہر نکلنا شروع ہوا تھا، بھارتی وائرس اس کے لئے پھر خطرہ بن سکتا ہے، یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا   سے وابستہ وبائی امراض کے ماہر پروفیسر پال ہنٹر کا کہنا ہے کہ نیا بھارتی وائرس ہماری توقعات سے زیادہ خطرناک اور تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مجھے حالات اچھے نظر نہیں آرہے۔

شمالی آئرلینڈ کے علاوہ یہ وائرس پورے برطانیہ میں پہنچ چکا ہے، سب سے زیادہ کیس 198 انگلینڈ میں آئے ہیں، جبکہ اسکاٹ لینڈ میں 10 اور ویلز میں اب تک 7 مریض سامنے آچکے ہیں، پروفیسر ہنٹر کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ بھارتی وائرس کے مریض  زیادہ ہوں گے ،  دو تین ہفتوں بعد ہی  صحیح صورتحال واضح ہوگی، انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ بھارتی وائرس جسے B.1.617 ویکسین کو بھی کسی حد تک مات دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، برطانیہ کے لئے یہ بات اس لئے بھی تشویشناک ہے کہ بھارت میں یہ وائرس نوجوانوں کو زیادہ نشانہ بنا رہا ہے، جیسے کہ بنگلور میں 58 فیصد کرونا مریض 40 برس  سے کم عمر ہیں، ادھر وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ کرونا کی ایک اور لہر سال کے آخر میں آسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت وبا کے علاج کے لئے گولیاں تیار کرنے  پر کام کررہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.