تارکین کو واپسی کیلئے یورپی ملک کا پرکشش پیکج

0

پیرس: فرانس نے ملک میں غیرقانونی مقیم تارکین وطن کو ان کے ملکوں میں واپس بھیجنے پر قائل کرنے کے لئے مہم تیز کردی ہے، اور واپس جانے والوں کو ٹکٹ کے ساتھ کیش رقم بھی دی جارہی ہے، اب تک پاکستانیوں سمیت 4 ہزار تارکین وطن اسکیم کو قبول کرکے اپنے آبائی ممالک میں واپس جاچکے ہیں۔

فرینچ آفس آف امیگریشن اینڈ انٹی گریشن (او ایف آئی آئی ) نے غیرقانونی مقیم تارکین کو رضاکارانہ طو پر واپس اپنے ملکوں میں جانے کے لئے قائل کرنے کی غرض سے ایجنٹ بھی مقرر کردئیے ہیں، جو بے گھر تارکین اور ریسیپشن سینٹرز میں رہنے والے غیرملکیوں کے پا س جاکر انہیں واپس اپنے ملکوں میں جانے پر قائل کرتے ہیں، اور واپس جانے کی صورت میں فرانسیسی حکوم کے امدادی پیکج کی تفصیل فراہم کرتے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ اس سال اب تک پاکستانیوں اور افغانیوں سمیت مجموعی طور پر 4 ہزار تارکین وطن اسکیم کو قبول کرکے اپنے آبائی ممالک میں واپس جاچکے ہیں، ان میں سے زیادہ تر کئی کئی برس سے فرانس میں غیرقانونی مقیم تھے، اور برطانیہ جانے کی کئی ناکام کوششیں کرچکے تھے، اب یورپ میں سیٹل ہونے کے حوالےسےمایوسی کا شکار ہونے کےبعد انہوں نے فرانسیسی حکومت کا پیکج قبول کرلیا۔

اسکیم کیا ہے؟

غیرقانونی مقیم تارکین وطن کو واپس بھیجنے کے لئے رضاکارانہ اسکیم کے تحت فرانسیسی حکومت ہر تارک وطن کو واپسی کا ٹکٹ اور 1850 یورو کی امداد فراہم کرتی ہے، اس اسکیم سے وہ تارک وطن فائدہ اٹھاسکتا ہے، جو تین سے زیادہ فرانس میں مقیم ہو، جو تارک وطن اپنے وطن واپس جانے پر تیار ہوجاتا ہے۔

فرینچ آفس آف امیگریشن اینڈ انٹی گریشن کے حکام اسے رجسٹرڈ کرتے ہیں اور واپسی کا انتظام شروع کیا جاتا ہے، تاہم کرونا کی صورتحال کے باعث ان کی واپسی کا عمل کئی مہینوں پر محیط ہوسکتا ہے، فرانسیسی ادارہ جب تارک وطن کو واپسی کا ٹکٹ دیتا ہے، تو اسے ائرپورٹ لے جایا جاتا ہے، جہاں روانگی سےقبل اسے 1850 یورو دئیے جاتے ہیں، اس اسکیم میں کوئی بھی تارک وطن صرف ایک بار فائدہ اٹھاسکتا ہے، اگر ایک بار فرانس سےاس اسکیم کے تحت جانے والا دوبارہ فرانس آجائے تو دوسری بار اسے یہ سہولت نہیں مل سکتی۔

اسکیم کے تحت فرانسیسی ادارہ واپس جانے والے تارکین وطن کو آبائی ممالک پہنچنے کے بعد بھی اپنے پاوں پر کھڑا ہونے کے لئے امداد کی پیشکش کرتا ہے، جو ساڑھے تین ہزار سے 10 ہزار یورو تک ہوسکتی ہے، لیکن اس امداد کا طریقہ کافی طویل ہے ، یہ ہنرمند افراد کو دی جاتی ہے، اور اس کے لئے متعلقہ ملک میں فرانسیسی سفارتی مشن کے ذریعہ درخواست دینی ہوتی ہے، جس کے ساتھ کاروباری منصوبہ بھی لگانا ہوتا ہے، یہ امداد کیش نہیں بلکہ منصوبے کے لئےسامان و مشینری وغیرہ کی صورت میں دی جاتی ہے، مثلا ً اگر کوئی ماہی گیری کرنا چاہتا ہے، تو اسے کشتی فراہم کی جائے گی، ڈرائیو ر کو گاڑی دی جاسکتی ہے، اسی طرح ڈیری فارم وغیرہ کیلئے مویشی مل سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.