اٹلی میں لیبر یونینز نے منگل کو ہڑتال کا اعلان کردیا 

0

روم: اٹلی میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور ملازمین میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، جس کے بعد یونینز نے منگل کو ٹرانسپورٹ کمپنیوں میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، جس کے دوران بسیں، ٹرامز اور سب وے ٹرانسپورٹ بند کردی جائے گی، جبکہ روم میں وزارت انفراسٹراکچر پر مظاہرہ کا بھی اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا بحران کے دوران اطالوی حکومت نے ملازمین کی ملازمتوں اور مراعات کے تحفظ کے لئے کمپنیوں کو فنڈز دئیے ہیں، تاہم ورکرز یونینز کا کہنا ہے کہ کمپنیاں حکومت سے 2 ارب یورو وصول کرنے کے باوجود ان کےحقوق پورے نہیں کررہیں، اس معاملے پر اب ٹرانسپورٹ سے وابستہ کمپنیوں کی یونین Filt Cgil, Fit Cisl, Uiltrasporti, Faisa Cisal, Ugl Fna نے منگل کو 24 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے، ورکرز یونینوں کا کہنا ہے کہ یونینز کے ساتھ کمپنیوں کا معاہدہ تین سال پہلے ختم ہوچکا ہے، لیکن نئے معاہدے کے لئے کوئی سرگرمی کمپنیوں نے نہیں دکھائی، جس سے ورکرز کی حق تلفی ہورہی ہے، ان کے کام کے حالات اور تنخواہیں سب متاثر ہیں۔

اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق یونین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت نے کرونا بحران کے دوران کمپنیوں کو ہونے والا نقصان پورا کرنے کے لئے 2 ارب 80 یورو کا پیکج رکھا ہے، اتنا بڑا حکومتی پیکج ملنے پر کمپنیوں کی جانب سے ورکرز کو محروم رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے، یونین رہنماؤں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے میں مداخلت کرے اور ورکرز کو ان کے حقوق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، ٹرانسپورٹ شعبے سے وابستہ ورکرز کا یہ حق ہے، کہ ان کے ساتھ نئے معاہدے اور ان کے حقوق محفوظ  کئے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.