جرمنی نے ٹی وی فیس بڑھادی، اگلا بل کتنا آئے گا؟

0

برلن: جرمنی میں ٹی وی ٹیکس میں اضافے کا معاملہ حتمی ہوگیا، عدالت نے بھی اس حوالے سے فیصلہ سنادیا ہے، جس کے بعد جرمنی میں رہنے والوں کو ٹی وی ٹیکس کی مد میں اضافی ادائیگی کرنی پڑے گی، جرمنی میں 2009 کے بعد سے ٹی وی ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق  گزشتہ برس 2020 میں ٹی وی ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا تو ایک جرمن ریاست سیکسونی نے اس کی مخالفت کردی تھی، جس کے بعد یہ معاملہ آئینی عدالت میں چلاگیا تھا، اب آئینی عدالت نے اس کیس کا فیصلہ سنادیا ہے، اور قرار دیا ہے کہ کوئی ایک ریاست نشریاتی اداروں کو فیس بڑھانے سے نہیں روک سکتی، فیس بڑھانے سے روکنا نشریاتی اداروں کی آزادی کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

عدالتی فیصلے کے بعد جرمنی میں ٹی وی فیس میں 86 سینٹ ماہانہ کا اضافہ کیا جارہا ہے، جو اگست کے مہینے سے لاگو کردیا گیا ہے، اور نئے بل میں اضافی فیس شامل ہوگی، فیصلے کے مطابق ٹی وی فیس ماہانہ ساڑھے17 یورو سے بڑھا کر 18 یورو 36 سینٹ مقرر کردی گئی ہے، جرمنی کے تمام گھرانوں کو یہ فیس ادا کرنی ہوگی، ٹی وی فیس ہر گھر کے حساب سے وصول کی جاتی ہے، اور اس کا کسی گھر میں موجود ٹی وی کی تعداد سے تعلق نہیں ہوتا، چاہے آپ کے گھر جتنے بھی ٹی وی ہوں ، ایک گھر کو ایک ہی فیس دینی ہوتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.