افغان باشندوں میں بیماری نکلنے پر امریکہ منتقلی روکنی پڑگئی

0

واشنگٹن: افغانستان سے انخلا کے دوران نکالے گئے افغان شہری جنہیں امریکہ پہنچایا گیا تھا، ان میں سے کچھ ایک بیماری میں مبتلا نکلے ہیں، جس کے بعد عارضی طور پر مزید افغان شہریوں کی امریکہ منتقلی روک دی گئی ہے، اور انہیں ٹرانزٹ ممالک میں ہی رکھا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ نے ان ہزاروں افغان شہریوں کو کابل سے نکالا ہے، جو امریکی فوج کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں، ان افغان شہریوں کو جرمنی اور قطر سمیت کچھ ممالک میں ٹھہرایا گیا، اور اب وہاں سے انہیں امریکہ منتقل کیا جارہا ہے، تاہم امریکی اخبار کے مطابق امریکہ منتقل کئے گئے 4 افغان شہری خسرہ کی بیماری میں مبتلا نکلے ہیں، جس پر مزید افغان شہریوں کی امریکہ منتقلی کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، اور انہیں جرمنی اور قطر کے اڈوں پر ہی عارضی طور پر ٹھہرایا جارہا ہے، وائٹ ہاوس پریس سیکریٹری جین پساکی نے تصدیق کی ہے کہ 4 افغان باشندوں میں خسرہ نکلنے پر منتقلی کی پروازیں عارضی روکی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی سفارش پر یہ اقدام کیا گیا ہے، اور متاثرہ چاروں افغان باشندے بھی سی ڈی سی کے پاس قرنطینہ کردئیے گئے ہیں، امریکہ آنے والے تمام افغان باشندوں کے لئے اب خسرہ کی ویکسین لازمی قرار دے دی گئی ہے، دوسری طرف افغان باشندوں کی منتقلی کا عمل رکنے سے جرمنی کے Ramstein اڈے پر موجود 10 ہزار افغان بھی متاثر ہوئے ہیں، جرمنی نے ان افغان باشندوں کو 10 روز کے لئے ٹرانزٹ قیام کی اجازت دی تھی، تاہم اب ان کا قیام اس سے بڑھ گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.