یورپی ڈرائیوروں نے برطانیہ کو جھنڈی دکھادی، فرانس کا بھی طنز

0

برسلز: برطانیہ میں تیل کا بحران جاری ہے، یورپی ٹرک ڈرائیوروں کی تنظیم نے برطانوی حکومت کو سرخ جھنڈی دکھا دی ہے، اور بحران کے حل کیلئے عارضی طور پر برطانیہ کو ڈرائیور فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے، فرانسیسی وزیر نے بھی برطانیہ کو طعنہ مارتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بریگزٹ کا نتیجہ ہے۔

اس دوران لوگوں کی بڑی تعداد کو دفاتر جانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کئی اسکولوں نے اسٹاف نہ آنے کی صورت میں عارضی طور پر آن لائن تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق ٹرک ڈرائیوروں کی قلت کی وجہ سے تیل کے بحران میں مبتلا ہونے والے برطانیہ نے یورپی ڈرائیوروں سے امیدیں لگائی ہوئی ہیں، اور حکومت نے 5 ہزار ڈرائیوروں کو ویزے دینے کا بھی اعلان کیا ہے، تاہم یورپی ٹرک ڈرائیور برطانیہ سے تعاون کیلئے تیار نظر نہیں آتے ہیں، برطانوی کمپنیوں کی جانب سے ماہانہ 6 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ تنخواہ کی پیش کش کے باوجود یورپی ڈرائیوروں کی یونین کے سربراہ ایڈون ایتما FNV کا کہنا ہے کہ یورپی ڈرائیور برطانوی حکومت کے روئیے سے مایوسی کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ تنخواہ اہم ہے، لیکن یہ سب کچھ نہیں، یورپی ڈرائیور عارضی ویزوں کی پیش کش قبول نہیں کریں گے، ہمارا برطانوی ٹرانسپورٹ صنعت سے اعتبار اٹھ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یورپی ڈرائیوروں سے بات کی ہے، اور وہ تین ماہ کے مختصر مدتی ویزے پر برطانیہ جانے کے لئے تیار نہیں ہیں، برطانوی حکومت نے یہ مسئلہ خود پیدا کیا ہے، اور وہ خود ہی اب اسے حل کرے۔

دوسری طرف برطانیہ میں تیل کا بحران جاری ہے، اور پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں نظر آرہی ہیں، شہری کین لے کر پمپوں کا رخ کررہے ہیں، حکام بھی تسلیم کررہے ہیں کہ یہ صورتحال پورا ہفتہ جاری رہ سکتی ہے، برطانوی اخبار’’میل‘‘ کے مطابق پیٹرول کے بحران کی وجہ سے عملہ نہ پہنچنے پر مختلف کمپنیوں نے ملازمین سے گھروں سے کام لینا شروع کردیا ہے، جبکہ کئی اسکولوں میں بھی اساتذہ اور بچے نہ پہنچ سکنے پر آن لائن کلاسز پر غور کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورکرز کی قلت، برطانیہ میں اتنی تنخواہ آفر کی جانے لگی کہ یقین نہ آئے

دریں اثنا فرانس کے یورپی معاملات کے وزیر کلیماں بون نے کہا ہے کہ برطانیہ میں پٹرول کی عدم دستیابی کا مسئلہ یہ واضح کرتا ہے کہ یہ بریگزٹ کا نتیجہ ہے، بریگزٹ ایک عقلی فراڈ تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.