کیمرے اور سخت سیکورٹی دھری رہ گئی، برطانوی بزنس سینٹر میں لاکھوں پاؤنڈ کی چوری

0

لندن: برطانیہ میں سخت سیکورٹی اور کیمروں کی نگرانی کے باوجود 4 رکنی گینگ آسانی کے ساتھ نصف ملین پاؤنڈ سے زائد مالیت کی جیولری اور گھڑیاں لوٹ کر لے گیا، کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوسکی، چور کئی سو کلو وزنی سیف بھی اوپر والی منزل سے اتار کر لے جانے میں کامیاب رہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں سرے کے علاقے Egham کے محفوظ ترین سمجھے جانے والے بزنس پارک میں یہ انوکھی واردات ہوئی ہے، جس میں لٹیروں کا گروہ سخت سیکورٹی اور کیمروں کی نظروں میں دھول جھونک کر نہ صرف مال لے اڑا ، بلکہ دیدہ دلیری سےوہ 750 کلو وزنی سیف بھی ساتھ لے گئے، جس میں جیولری اور گھڑیاں رکھی ہوئی تھیں، چوری ہونے والے سامان کی مالیت 5 لاکھ پاونڈ سے زیادہ ہے، حکام کا کہنا ہے کہ سخت سیکورٹی والے بزنس پارک میں یہ واردات گزشتہ پیر کی شب ہوئی ہے،جس میں دکان کے جوان مالک کی ساری کمائی لوٹ لی گئی، ایک کار میں آنے والے چوروں نے عمارت میں داخل ہونے کے لئے سخت سیکورٹی والے گیٹ کے بجائے عمارت سے ملحقہ پارک کا انتخاب کیا، اور وہاں سے باڑ کاٹ کر وہ میڈلیک پلیس بزنس سینٹر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے ، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہتھوڑوں سمیت دیگر اوزار لئے تین چور جنہوں نے پورا جسم سفید ڈانگری سے ڈھانپا ہوا ہے، اور چہرہ پر بھی نقاب لگائے ہوئے ہیں، شیشہ توڑ کر عمارت میں داخل ہوتے ہیں، وہاں سے اوپر جانے کے لئے انہوں نے آگ کی صورت میں ہنگامی انخلا کے لئے بنائے گئے ایمرجنسی راستے کا انتخاب کیا، پہلی منزل پر پہنچنے کے بعد تینوں چوروں نے سیکورٹی گیٹ کو کاٹا، اور پھر آسانی کے ساتھ جیولری فرم میں داخل ہوگئے۔

جیولری فرم میں موجود چھوٹے باکسز کو انہوں نے شیشہ توڑ کر اوپر سے باہر روڈ پر گرانا شروع کردیا، جہاں ان کا چوتھا ساتھی کار کے ساتھ موجود تھا، اور وہ باکسز کو کار میں رکھتا رہا، اس کے بعد تینوں چوروں نے 750 کلو وزنی بڑا باکس بھی اوپری منزل سے اٹھا کر نیچے روڈ پر پھینک دیا، جس سے اچھی خاصی آواز بھی پیدا ہوئی، اس کے بعد تینوں چور عمارت سے نکل کر باہر آگئے، اور اس بڑے سیف باکس کو کار میں رکھنے لگے، لیکن باکس بڑا ہونے کی وجہ سے اسے ڈگی میں نہیں رکھا جاسکا، تو انہوں نے کار کا پچھلا دروازہ کھول کر سیف اس میں پھنسادیا، جس کی وجہ سے کار کا دروازہ بھی بند نہ ہوا، لیکن وہ وہاں سے چلتے بنے۔

کمپنی کے مالک کونر تھورنٹن کا برطانوی اخبار میل سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم نے یہ بڑا سیف باکس قیمتی اشیا محفوظ رکھنے کے لئے خریدا تھا، لیکن چور اسے پورا ہی اٹھا کر لےگئے، انہوں نے کہا کہ بزنس پارک میں 24 گھنٹے سیکورٹی ہوتی ہے، ہمارے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہاں بھی ایسی واردات ہوسکتی ہے، دو گھنٹے تک واردات جاری رہی ، لیکن ہمیں کسی نے الرٹ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ جب میں صبح پہنچا اور وہاں شیشہ بکھرے ہوئے دیکھا تو میرا دل پہلے ہی ڈوبنے لگا تھا، مارچ میں ہم نے اسے کھولا تھا، ہماری تو ساری جمع پونچی لٹ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی ہی ان کا ٹارگٹ تھی ، وہ عمارت میں کسی اور دفتر میں نہیں گئے ، وہ ہمارا تمام اسٹاک لوٹ کر لے گئے ہیں، جو انشورنس میں بھی کور نہیں ہوتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.