سرائے عالمگیر میں ہاؤسنگ سوسائٹی نے عوام پر فائرنگ کرادی، علاقے میں اشتعال، دفتر نذر آتش

0

سرائے عالمگیر: ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے قریبی عزیز کی ہاؤسنگ سوسائٹی زمینوں پر قبضے کے لئے لوگوں کے خون سے ہولی کھیل گئی، اپنی زمینیں بچانے کے لئے آنے والے دیہاتیوں پر اندھا دھند فائرنگ کرادی، واقعہ کے بعد مشتعل افراد کا جی ٹی روڈ پر دھرنادے دیا۔

میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کا دفتر جلادیا، تھانہ سرائے عالمگیر میں قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض کے قریبی عزیز ملک بلال سرائے عالمگیر میں مین جی ٹی روڈ پر میٹرو سٹی کے نام سے ہاوسنگ سوسائٹی بنا رہے ہیں، یہ ہاؤسنگ سوسائٹی ایسے علاقے میں بنائی جارہی ہے، جہاں سے کھاریاں کی صدیوں پرانی پبی (قدرتی جنگل) شروع ہوتی ہے، اور موجودہ حکومت ماحول کو بچانے کے لئے پبی کو محفوظ علاقہ قرار دے چکی ہے، اسی طرح پبی میں ہی فوج کا انسداد دہشت گردی کا تربیتی مرکز بھی ہے، جہاں مختلف ملکوں کے ساتھ تواتر سے فوجی مشقیں کی جاتی ہیں، اتنا اہم اور حساس علاقہ ہونے کے باوجود میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام سے علاقے میں لامحدود رقبہ خریدا جارہا ہے، جبکہ علاقے کے مکین سوسائٹی کی جانب سے قبضوں کی شکایات بھی مسلسل کررہے تھے، لیکن گجرات کے سیاسی خاندان اور اعلیٰ حکام کی سرپرستی حاصل ہونے کے باعث کسی نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔

اس معاملے کا افسوسناک انجام اتوار کو اس وقت ہوا، جب اتوار کے روز گاؤں چوہا کریالہ کے مکینوں کی ملکیتی زمین پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے عہدیداروں نے اسلحہ کے زور پر قبضہ کی کوشش کی۔ اطلاع ملنے پر زمین کے مالکان اور ان کے عزیز وہاں پہنچے، اور قبضے کے خلاف احتجاج کیا، تو ہاؤسنگ سوسائٹی کے عہدیداروں نے ان پر براہ راست فائرنگ کرادی۔

فائرنگ کے نتیجے میں خاتون نسیم بی بی اور سرور سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں انور، عباس، اظہر اقبال، زاہد، محمد پرویز، نسیم بیگم زوجہ غلام سرور، شوکت علی ولد شاہ سوار شامل ہیں، کئی زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے، اور انہیں جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں لگی ہیں، واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، تاہم حیرت انگیز طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب علاقے میں اشتعال پھیل گیا، اور میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے رویئے اور قبضوں سے پریشان افراد باہر نکل آئے ، انہوں نے لاش جی ٹی روڈ پر رکھ کر ٹریفک بلاک کردی، جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا ہیڈ آفس بھی نذر آتش کردیا گیا، احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا، اس موقع پر مظاہرین نے ملک ریاض کے خلاف نعرے بازی کی، اور مطالبہ کیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی بند کرکے لوگوں کو ان کی زمینیں واپس کی جائیں، اور فائرنگ کا حکم دینے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

مقدمہ درج

تھانہ صدر سرائے عالمگیر میں درج مقدمہ میں مدعی ناظم حسین ولد محمد اعظم نے بتایا ہے کہ وہ اتوار کو دن 12 بجے اپنے ڈیرہ پر موجود تھا کہ مجھے مسمی محمد انور ولد بوٹے خاں قوم راجپوٹ سکنہ چوآہ جناح نے آکر اطلاع دی کہ جلیل بخاری میڑو سٹی وغیرہ والے تمہارے عزیز حاجی وارث کی زمین پر قبضہ کررہے ہیں۔

اطلاع ملنے پر میں محمد انور والد وارث خاں، محمد سرور ولد وارث خان، عباس ولد شوکت،  تنویر ولد عبدالخالق ۔محمد انور ولد بوٹے خان اقوام راجپوت سکنا چوآہ کر یالہ اپنی زمین پر پہنچے تو وہاں ڈائریکٹر میٹرو سٹی جلیل بخاری، کلاشنکوف برداروں سیکورٹی سپروائرز عبدالرحمن، علی، راجہ محمدی ولد راجہ مظفر سکنہ راجٹر بجلی گھر، راجہ صدف طیلم ولد محمد طفیل، سکنہ محلہ نئی آبادی سرائے عالمگیر، شاہد کریم ولد عبدالخالق، غنفر ولد عاشق علی راجہ مظفر، عمران جٹ اور عمران بلوچ کے ساتھ موجود تھے، اور بلڈوزر کے ساتھ ہماری زمین پر قبضہ کررہے تھے، ہم نے قبضہ کرنے سے منع کیا تو ملزمان نے اسلحہ سے فائرنگ کردی، عبدالرحمن نے اپنی دستی کلاشنکوف سے سیدھا فائر محمد سرور پر کیا، جو اسے بائیں ران کے پیچھے لگا، دوسرا فائر کیا تو عباس کو دائیں پنڈلی پر لگا، پھر فائر علی رحمن نے کیا جو محمد سرور کو بائیں پٹ پر لگا، عمران جٹ نے اپنی کلاشنکوف سے سیدھے فائر کیے جو محمد انور کو دائیں پٹ پر لگے، فائرنگ کی آواز سن کر گاؤں کے لوگ اظہر اقبال ولد محمد بوٹا، زاہد ۔نسیم بیگم زوجہ غلام سرور، شوکت علی ولد شاہ سوار بھی موقع پر آگئے، جن کو دیکھ کر ملزمان نے ان پر بھی سیدھی فائرنگ کردی، عمران بلوچ نے اپنی کلاشنکوف سے فائر کئے جو نسیم بیگم کو لگے۔ راجہ محمدی نے اپنی دستی کلاشنکوف سے فائر کیا جو شوکت علی کو دائیں بازو پر لگا۔ ملزمان کی فائرنگ سے محمد انور، عباس اظہر اقبال، زاہد، نسیم بیگم، شوکت علی شدید زخمی ہوگئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.