اطالوی بلدیاتی الیکشن میں سالوینی کو بڑا دھچکہ، تارکین کی حامی جماعت میدان مار گئی 

0

روم: اٹلی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تارکین وطن کی حامی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی) نے بڑی کامیابی حاصل کرلی، جبکہ سالوینی کے دائیں بازو کے اتحاد کو  بڑھ دھچکہ لگا  ہے، اسی طرح فائیو اسٹار موومنٹ بھی روم سمیت کئی شہروں سے ہار گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سینٹر لیفٹ ڈیموکریٹک پارٹی پی ڈی نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے، اس کے ساتھ پی ڈی کے سربراہ سابق وزیراعظم انریکو لیٹا کو دہری خوشی حاصل ہوئی ہے، اور وہ خود بھی تسکونی سے ضمنی الیکشن جیت کر پارلیمنٹ میں پہنچ گئے ہیں، اٹلی کے 4 بڑے شہروں روم، میلان، ناپولی، تورینو سمیت ایک ہزار سے زائد چھوٹے شہروں میں مئیرز کے الیکشن ہوئے ہیں، جن میں 50 فیصد سے زائد ووٹ لینے والے امیدوار کامیاب قرار دئیے گئے، جبکہ روم سمیت جن شہروں میں کسی امیدوار نے 50 فیصد ووٹ نہیں لئے، وہاں دو ہفتوں کے اندر پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کے درمیان دوبارہ مقابلہ ہوگا، ان بلدیاتی الیکشن میں تارکین کی حامی جماعت پی ڈی کو میلان، ناپولی اور بلونیا میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، اگرچہ مبصرین پی ڈی کی جیت کی توقع کررہے تھے، لیکن اس کے امیدواروں نے مبصرین کی توقع سے بھی زیادہ ووٹ لیے ہیں۔

الیکشن نتائج سے آئندہ مرکزی انتخابات کے بعد وزیراعظم بننے کی خواہش رکھنے والے دائیں بازو کے رہنما لیگا نارد کے سربراہ ماتیو سالوینی کو بڑا دھچکہ لگا ہے، انہوں نے بلدیاتی الیکشن کے لئے دائیں بازو کی دوسری جماعت ایف ڈی آئی کے ساتھ اتحاد بنایا تھا، لیکن اس کے باوجود اہم شہر ان کے ہاتھ سے نکل گئے، البتہ کلابریا ریجن میں انہوں نے اپنا سیاسی کنٹرول برقرار رکھا ہے۔

اسی طرح باہمی اختلافات کا شکار فائیو اسٹار موومنٹ کو بھی بڑا سیاسی نقصان ہوا ہے، اور دارالحکومت روم اور تورینو اس کے ہاتھ سے نکل گئے ہیں، روم میں تو اس کی موجودہ مئیر ورجینیا ریگی رنر اپ بھی نہیں  آسکیں، اور دوسرے مرحلے کے مقابلے سے باہر ہوگئی ہیں، روم میں 50 فیصد ووٹ کوئی بھی امیدوار نہیں لے سکا، اس لئے  پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں میں دوبارہ مقابلہ ہوگا، یہاں بھی  پی ڈی کے رابرٹو گلتیری 27 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ہیں، جبکہ سالوینی کے دائیں بازو کے امیدوار انریکو مچیٹی  30 فیصد ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے، تاہم دوسرے مرحلے میں گلتیری فیورٹ قرار دئیے جارہے ہیں، کیوں کہ فائیو اسٹار موومنٹ کی امیدوار ورجینیا ریگی اور ایک آزاد امیدوار نے جو 19 فیصد ووٹ لئے ہیں، ان کا بڑا حصہ دوسرے مرحلے میں پی ڈی کی طرف جانے کا امکان ہے۔

پی ڈی کے سربراہ انریکو لیٹا نے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بتادیا ہے کہ دائیں بازو کی جماعتوں کو شکست دینا ممکن ہے، انہوں نے فائیو اسٹار موومنٹ کے حوالے سے کہا کہ جہاں جہاں ہم دونوں جماعتوں نے اتحاد کیا، وہاں کامیابی ملی، یہ بات اب فائیو اسٹار موومنٹ کو سمجھنی ہوگی،  اور 2023 کا الیکشن مل کر لڑنے کی ضرورت  ہے، دوسری طرف سالوینی نے برے الیکشن نتائج کو دائیں بازو کے اندرونی اختلافات کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.