بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اٹلی آمد، کشمیر کاز کیلئے متحرک جماعتوں نے روم میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا

0

روم: (رپورٹ: تنویر ارشاد) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اٹلی آمد پر کشمیری کمیونٹی نے دارلحکومت روم میں بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا، تحریک کشمیر اٹلی، پاک فیڈریشن اٹلی، پاک کشمیر فاونڈیشن اٹلی، کشمیر فورم اٹلی و یورپ نریندر مودی کی آمد پر 31 اکتوبر کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کریں گے، اٹلی و یورپ بھر سے کشمیری و پاکستانی کمیونٹی قافلوں کی صورت میں شرکت کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جی 20 سمٹ میں شرکت کرنے کے لیے اطالوی دارلحکومت روم آرہے ہیں۔ نریندر مودی کے دورے کے موقع پر بھارتی فوج کے جموں وکشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اٹلی میں موجود کشمیری تنظیموں نے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ احتجاج 31 اکتوبر بروز اتوار دوپہر 1 بجے روم میں کیا جائے گا جس کا اہتمام تحریک کشمیر اٹلی، پاک کشمیر فاؤنڈیشن اٹلی، پاک فیڈریشن اٹلی، کشمیر فورم اٹلی و یورپ سمیت دیگر تنظیمیں کریں گی۔ مظاہرے میں اٹلی سمیت یورپ بھر سے کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف نے کہا کہ مودی کا دہشت گردانہ چہرہ عیاں کرنے کے لیے روم میں مودی کی آمد پر بڑے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرے میں یورپ بھر سے مخلتف کشمیری و پاکستانی تنظیموں نے رابطے کیے ہیں اور اس مظاہرے کے ذریعہ نہ صرف جی 20 میں شامل ممالک لے سربراہان بلکہ پوری دنیا کے سامنے بھارتی افواج اور حکومت کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔ محمود شریف کا کہنا تھا کہ مظاہرے کے سلسلے میں اٹلی و یورپ میں موجود سکھوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطے ہوئے ہیں اور امید ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ اس مظاہرے میں شرکت کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.