خوراک کی عالمی قیمتیں ایک دہائی کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

0

روم: دنیا میں خوراک کی قیمتیں ایک دہائی کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، اکتوبر میں مسلسل تیسرے ماہ دنیا میں خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اقوام متحدہ کے ادارے نے رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں اناج اور کھانے کے تیل کے نرخوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) نے اکتوبر میں خوراک کی عالمی قیمتوں کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں خوراک کی قیمتیں عالمی سطح پر بڑھ کر 10 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ اطالوی دارلحکومت روم میں قائم عالمی ادارہ کا کہنا ہے کہ ستمبر میں خوراک کی قیمتوں کا انڈکس129 پوائنٹس پر تھا، جو اکتوبر میں بڑھ کر 133 پوائنٹس سے بھی تجاوز کرگیا، خوراک کی عالمی قیمتیں آسمان سے بات کررہی ہیں، اور ان میں مسلسل تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ایف اے او کا فوڈ پرائز انڈیکس جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ تجارت کی جانے والی اشیائے خورونوش کی بین الاقوامی قیمتوں پر نظر رکھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق زرعی اجناس کی قیمتوں میں گزشتہ ایک سال میں تیزی سے اضافہ ہوا، جو فصلیں خراب ہونے اور طلب میں اضافے کی وجہ سے سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خوراک میں استعمال ہونے والی چند ضروری اشیا کی عالمی منڈی میں سپلائی بدستور کم ہے، اس لئے خوراک کی قیمتوں میں جلد کمی کے آثار بہت کم ہیں، دوسری طرف اٹلی میں بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، اور افراط زر 2 فیصد سے بڑھ کر ڈھائی فیصد ہوگیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.