اٹلی میں 2022 لوگوں کے لئے مشکل سال قرار

0

روم: اٹلی میں مہنگائی کے وار جاری ہیں، اور یہ 13 برس کی بلند ترین سطح کو چھو گئی ہے، پوری دنیا میں جاری مہنگائی کی لہر سے اٹلی میں رہنے والے بھی شدید متاثر ہورہے ہیں، زیادہ اضافہ بھی ایسی چیزوں پر ہورہا ہے، جن کے بغیر گزارہ نہیں ہوسکتا۔

اطالوی ادارہ نے اہم رپورٹ جاری کردی ہے، صارفین کی تنظیم نے 2022 مشکل سال قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شماریاتی ادارہ ISTAT نے دسمبر کے افراط زر کے اعداد وشمار جاری کردئیے ہیں، جن کے مطابق مہنگائی کی شرح بڑھ کر 3.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو اگست 2008 کے بعد سب سے زیادہ ہے، نومبر کے مقابلے میں دسمبرمیں مہنگائی اعشاریہ دو فیصد بڑھی ہے، رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ فوڈ باسکٹ یعنی کھانے پینے اور عام استعمال کی چیزوں میں ہوا ہے ، جو نومبر کے مقابلے میں دگنا ہوگیا ہے ، نومبر میں اس کی شرح 1.2 فیصد تھی ، جو دسمبر میں 2.4 فیصد ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں اس تازہ اضافے کے نتیجے میں اوسطاً ایک اطالوی فیملی کا سالانہ خرچ تقریباً1198 یورو بڑھ جائے گا، اطالوی صارفین کی تنظیم Codacons کا کہنا ہے کہ اٹلی میں مہنگائی کے حوالے سے صورت حال بہت خراب ہوچکی ہے، اور بدقسمتی سے آنے والے مہینوں میں یہ مزید بگڑتی نظر آتی ہے، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا ‘‘ کے مطابق تنظیم کے صدر کارلو رینزی کا کہنا ہے کہ ہم پہلے ہی مہنگائی کے حوالے سے الارم بجا چکے ہیں، اب اس کی سرکاری تصدیق ہوگئی ہے، زندگی بہت مہنگی ہوتی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے بجلی اور گیس مزید مہنگی ہو گئی ہے، جس کے اثرات اب اگلے مہینوں میں سامنے آئیں گے، 2022 لوگوں کے لئے بہت مشکل سال ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.