تارکین کیلئے ’’پیسے لو، ٹکٹ کٹاؤ اور واپس جاؤ‘‘ اسکیم کامیاب ہونے لگی

0

برسلز: یورپی یونین میں شامل ملک کی جانب سے غیرقانونی تارکین کو واپس ان کے ملکوں میں بھیجنے کے لئے شروع کی گئی ’’پیسے تھماؤ، ٹکٹ کٹاؤ اور واپس جاؤ‘‘ اسکیم کامیاب ہونے لگی، بڑی تعداد میں تارکین اسکیم سے فائدہ اٹھا کر واپس جانا شروع ہوگئے، اسکیم کی مدت بھی ختم ہونے کے قریب آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیلاروس کے صدر کی جانب سے تارکین کو بلوا کر یورپی یونین میں شامل ملکوں کی سرحدوں پر بھیجنے کی پالیسی کی وجہ سے یورپی یونین میں شامل ملک لتھوانیا میں بھی 4200 سے زائد غیرقانونی تارکین داخل ہوگئے تھے، جن میں اکثریت کا تعلق عراق سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک سے تھا، لتھوانیانے ایک جانب سرحدوں پر باڑ لگائی، سیکورٹی سخت کی ، تو دوسری جانب حکومت نے ملک میں داخل ہوجانے والے غیر قانونی تارکین کو واپسی کے لئے یہ پیکج دیا تھا کہ اگر وہ رضاکارانہ طور پر اپنے ملکوں میں واپس جاتے ہیں، تو انہیں ٹکٹ اور ایک ہزار یورو دئیے جائیں گے، یہ اسکیم 20 جنوری تک کارآمد ہے۔

اس اسکیم کو اب کامیابی مل رہی ہے، اور چارٹرڈ پرواز کے ذریعہ مزید 98 عراقیوں کو ان کے ملک واپس بھیج دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 537 تارکین کو واپس بھیجا گیا ہے، جن میں سے 482 نے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا کر واپسی کے لئے درخواست دی تھی، اور یوں انہیں ٹکٹ کے ساتھ ایک ہزار یورو بھی دئیے گئے، حکام پرامید ہیں کہ آنے والے دنوں میں اسکیم سے فائدہ اٹھا کر واپس جانے والے غیر قانونی تارکین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا، اس وقت لتھوانیا کے کیمپوں میں 3166 تارکین موجود ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.