انسانی اسمگلروں کیخلاف 2 یورپی ملکوں کی پولیس کا کریک ڈاؤن

0

برسلز: غیرملکیوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ پہنچانے والے نیٹ ورک کے خلاف دو یورپی ممالک نے مشترکہ کارروائی کی ہے، جس میں یورپی پولیس کا تعاون بھی شامل تھا، چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں جعلی شناختی دستاویزات بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی اور یونان کی پولیس نے یورپی پولیس کی معاونت سے دونوں ملکوں میں انسانی اسمگلروں کے ایک بڑے گروپ کے خلا ف کریک ڈاون کیا ہے، جس کے دوران جرمنی میں 4 مقامات جبکہ یونان میں دو جگہوں پر چھاپے مارے گئے ہیں، جس گروہ کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے، وہ غیرملکیوں کو یونان سے جرمنی اسمگل کرنے میں ملوث ہے، اور ایک سال سے اس گروہ کے خلاف تحقیقات جاری تھی، یونانی پولیس نے جن دو گھروں پر چھاپے مارے ہیں، وہاں سے بڑی تعداد میں جعلی شناختی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں، یہ گروہ جعلی پاسپورٹ اور ورک پرمٹ بنا کر غیرملکیوں کو یونان سے فضائی راستے سے جرمنی پہنچانے میں ملوث تھا۔

تاہم اب ائرلائنز کی جانب سے پروازیں کم کرنے کے بعد انہوں نے زمینی راستے سے بھی لوگوں کو جرمنی پہنچانے کا نیٹ ورک بنالیا تھا، یہ نیٹ ورک یونان سے جرمنی پہنچانے کے لئے ساڑھے 3 ہزار سے 4 ہزار یورو تک رقم بٹورتا تھا، حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے زیادہ تر کارندے شامی باشندے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ ان چھاپوں میں اس گروپ کے اہم کارندے کو دھر لیا گیا ہے، جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.