بیرون ملک جانے کیلئے پیسے حکومت دے گی، نئی اسکیم تیار

0

اسلام آباد: اگر آپ بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، لیکن آپ کے پاس پیسے نہیں ہیں، اور اس پریشانی میں مبتلا ہیں کہ اس ضمن میں آنے والے اخراجات کیسے دیں گے، تو اب آپ کی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اس پریشانی کو اب حکومت نے حل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت نے کامیاب اوورسیز پروگرام شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے، جس کے تحت ایسے شہریوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے ،جو بیرون ملک جانا چاہتے ہیں لیکن مالی مشکلات کے باعث اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔ وزارت سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل ترقی نے اس حوالے سے کامیاب اوورسیز پروگرام اسکیم شروع کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جس کے ذریعے بیرون ملک جانے کے خواہش مندوں کو بلاسود آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے سمری جلد منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ وزارت سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل ترقی نے فنانس ڈویژن کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ کمرشل بینکوں کی طرف سے بیرون ملک جانے کیلئے مستحق تارکین وطن کو رعایتی قرضوں دلانے کے لیے فنڈز کا بندوبست کرے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کامیاب اوورسیز پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے، اس کے ذریعے پاکستانی افرادی قوت کو دیگر ممالک میں بڑھایا جائےگا، یہ پروگرام ملک میں معاشی سرگرمیوں اور غیر ملکی ترسیلات زر کو فروغ دے گا اور لوگوں کی سماجی و اقتصادی بہتری کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا۔ وزارت اوورسیز کا کہنا ہے کہ اسکیم کے تحت ایسے پاکستانیوں کو قرض فراہم کیا جائے گا، جن کے پاس بیرون ملک سے ملازمت کی پیشکش اور درست سفری دستاویزات موجود ہوں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.