اٹلی کے وزیراعظم جاتے جاتے لوگوں کو ایک اور بونس دے گئے

0

روم: اٹلی کے وزیراعظم ماریو دراغی جاتے جاتے لوگوں کو ایک اور بونس دے گئے، جس کا مقصد کم آمدنی والے لوگوں کو بڑھتی ہوئی توانائی قیمتوں کے مقابلے میں مدد فراہم کرنا ہے، دوسری طرف اٹلی میں افراط زر کی شرح میں مزید اضافہ ہوا ہے اور 8.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کےمطابق اطالوی شماریاتی ادارہ نے اگست میں مہنگائی کی شرح کے حوالے سے تفصیل جاری کردی ہے، جس کے مطابق گزشتہ ماہ افراط زر کی شرح 8.4 فیصد پر پہنچ گئی ہے، جبکہ جولائی میں یہ شرح 7.9 فیصد تھی، اس طرح ایک ماہ میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہواہے، جو 1985 کے بعد سب سے زیادہ ہے، اس دوران روز استعمال ہونے والی خوراک کی اشیا سب سے زیادہ 9.6 فیصد مہنگی ہوئی ہیں،جس کی بڑی وجہ بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھنا ہے، دوسری جانب اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے جمعہ کو عوام کے لئے نئے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے، جو ان کا آخری اہم اعلان قرار دیا جارہا ہے، کیوں کہ اگلی اتوار کو اٹلی میں الیکشن ہورہے ہیں، جس کے بعد نیا وزیراعظم آئے گا۔

اپنے آخری ریلیف پیکج کیلئے انہوں نے 14 ارب یورو کی منظوری دی ہے، اس رقم سے ان لوگوں کو 150 یورو کا بونس دیا جائے گا، جن کی سالانہ آمدن 20 ہزار یورو سے کم ہے، حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 22 ملین اطالویوں کو یہ بونس ملے گا، وزیراعظم دراغی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس نئے اعلان سے عوام کو دئیے گئے ریلیف پیکج کی مالیت 60 ارب یورو ہوگئی ہے، تازہ ریلیف کے بعد ہمارا شمار یورپ کے ان ملکوں میں ہوگا، جنہوں نے موجودہ حالات میں عوام کو سب سے زیادہ ریلیف دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.