شارجہ میں سونے کے جعلی سکوں کا دھندا پکڑا گیا، گروہ گرفتار

0

شارجہ: پاکستان میں تو سونے کے بسکٹ دکھا کر لوگوں کو لوٹنے کا اسکینڈل پرانا ہوچکا ہے لیکن اب متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں بھی ایسا ہی جعلساز گروہ سامنے آیا ہے، جو سونے کے بسکٹ اور سکوں کو جھانسہ دے کر لوگوں کو بیوقوف بنارہا تھا، پولیس نے اس گینگ کے 8 کارندے گرفتار کرلئے ہیں ۔ 

گرفتار شدگان تمام ایشیائی باشندے ہیں، تاہم پولیس نے فوری طور پر ان کی شہریت ظاہر نہیں کی، پولیس کا کہنا ہے کہ اس گروہ کی جعلسازی کے متاثرین کی شکایات مسلسل مل رہی تھیں، جس پر اسٹنگ(خفیہ) آپریشن کیا گیا، اور ملزم گرفتار کرلئے گئے۔

شارجہ پولیس کے شعبہ تفتیش کے ڈائریکٹر ابراہیم الاجل نے خلیجی اخبار کو بتایا کہ جعلساز لوگوں کو سونے کے سکے دکھا کر دھوکہ دیتے تھے ، وہ پہلے اصلی سکے دکھاتے، اور گاہک کو شیشے میں اتارنے کے بعد انہیں جعلی سونے کے سکے تھما کر غائب ہوجاتے۔

اس گروہ نے یواے ای کے ایک شہری کو بھی چونا لگایا، اسے پہلے اصلی سکہ دکھا کر خریداری پر قائل کیا اور بعد ازاں جعلی سونے کے سکوں کا پیکٹ دے کر غائب ہوگئے۔

یہ گروہ زیادہ تر شارجہ کے صنعتی علاقے میں جعلسازی کی کارروائیاں کرتا تھا، پولیس نے گروہ کو پکڑنے کے لئے خفیہ آپریشن کیا، جس میں اہلکار بھی سونے کے سکے کے خریدار بن کر ملزمان تک پہنچے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.