نوازشریف حاضر ہوں، عدالت سے صدا لگنے کا امکان روشن 

0

اسلام آباد: ن لیگ کے قائد نوازشریف کے لئے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اپیلوں کی سماعت کے لئے نوازشریف کی حاضری بھی ضروری ہے، اور عدالت انہیں طلب کرسکتی ہے، ایسی صورت میں نوازشریف کے لئے لندن میں قیام مشکل ہوجائے گا،  بصورت دیگر وہ ہائیکورٹ سے بھی اشتہاری قرار پاسکتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلیں بھی یکم ستمبر کو لگائی ہیں، جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی خصوصی بنچ اپیلوں پرسماعت کرے گا۔

اس سے پہلے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپیل پہلے ہی یکم ستمبر کو اسی بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر ہے۔

نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر ایوان فیلڈ کیس میں سزا معطلی کے بعد ضمانت پر ہیں، جب کہ اپیلوں پر آخری سماعت 19 ستمبر 2018 کو ہوئی تھی، احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید، مریم نواز کو 7 سال قید اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید و جرمانہ کی سزائیں سنائی تھیں ،تاہم ہائی کورٹ نے 19 ستمبر 2018 کو سزا معطل کرکے رہائی کا حکم دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.