دشمن طاقتوں سے چوکس رہنا ہوگا، آرمی چیف

0

میرانشاہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دشمن طاقتیں آپریشن رد الفساد سے حاصل فوائد ضائع کرانا چاہتی ہیں،  دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لئے ہمیں چوکس رہنا ہوگا، انہوں نے کہا  کہ سخت محنت سے حاصل امن کے فوائد برقرار رکھنے کے لیئے مقامی آبادی، انتظامیہ اور  قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشترکہ کوششیں  جاری رکھنی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات میں کیا، اس موقع پر  کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود بھی ان کے ہمراہ تھے، آرمی چیف کو پاک افغان سرحد اور علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان سے منسلک انٹرنیشنل بارڈر کے آخری مشکل حصہ پر بھی سیکیورٹی فورسز کا موثر کنٹرول ہو گیا ہے، جہاں سے دہشت گرد حملے کرتے تھے، دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں بھی پاک افغان بارڈر پر باڑ  کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔

اس کے نتیجے میں شمالی اور جنوبی وزیرستان کی عوام کی حفاظت میں مدد ملے گی، ان استحکامی آپریشن کے نتیجے میں بارڈر پر غیر قانونی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔

آرمی چیف کو بتایا گیا کہ ان علاقوں میں 90 فیصد بارودی سرنگیں صاف کردی گئی ہیں، اس موقع پر جنرل باجوہ نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں باڑ لگانے کا کام جلد مکمل کیا جائے گا، ہم امن و استحکام کے لئے پرعزم ہیں، خطے میں امن بڑی حد تک بحال ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے لیئے پاکستان سرحدی سیکیورٹی مضبوط بنانے اورایف سی کی استعداد میں اضافے کا اپنے حصے کا کام پورا کر رہا ہے، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.