عمران خان کہیں نہیں جارہے، مدت پوری کریں گے، امریکی جریدہ نے وجوہات بتادیں

0

نیویارک۔ معروف امریکی جریدے ’’فارن پالیسی‘‘ نے کہا ہے کہ عمران خان مدت پوری کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بننے جارہے ہیں، ان کے جانے کی تمام باتوں کے باوجود عمران خان کی پوزیشن مضبوط ہے۔

فارن پالیسی نے لکھا کہ پاکستان میں سب سے اہم سمجھا جانے والا ادارہ فوج ان کی پشت پر کھڑا ہے، کرونا بحران پر قابو پانے سے ان کی پذیرائی بڑھی ہے، دوسری طرف اپوزیشن بری طرح تقسیم ہے، اور اس میں کوئی بڑی تحریک چلانے کی صلاحیت موجود نہیں ہے ، 

جریدے نے لکھا ہے کہ مشہور کالم نگار سہیل وڑائچ نے اپریل میں پیش گوئی کی تھی کہ عمران خان حکومت دوسال مکمل ہونے سے قبل ہی جون میں چلی جائے گی، لیکن جون آیا اور چلا گیا، تحریک انصاف حکومت موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق بعض تجزیہ کار یہ کہتے رہتے ہیں کہ ایک سیاسی طوفان ممکنہ طور پر حکومت کو اڑا دے گا اور کئی تو یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ حکومت اپنے بوجھ تلے خود دب کر گرجائے گی، تاہم ایسا کچھ ہوتا نظر نہیں آرہا۔

عمران خان کمزور ہوسکتے ہیں لیکن مخالفین ان کے لیے خطرہ نہیں ہیں، وہ مدت پوری کرنے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم بننے کی طرف قدم بڑھارہے ہیں، فوج کے ساتھ ان کے تعلقات اچھے ہیں، اور انہیں فوج کے پالیسی امور میں بڑھتے اثر ورسوخ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

اسی طرح فوج بھی ان کے ساتھ چلنے میں آسانی محسوس کرتی ہے، عمران خان نے بیرون ملک پاکستان کا امیج تیزی سے بہتر بنایا ہے، اور فوج کے لئے یہ بات بہت اہمیت کی حامل ہے، کہ پاکستان کے بارے میں خراب عالمی تاثر اب بہتر ہورہا ہے۔

جریدے نے لکھا کہ عمران خان کو ذوالفقار علی بھٹو کے بعد پاکستان کا دوسرا کرشماتی لیڈر سمجھا جاتا ہے، اور انہیں عالمی سطح بالخصوص مغرب میں اہمیت ملتی ہے ، جس کی ایک وجہ ان کا کرکٹ کا پس منظر بھی ہے۔

عالمی میڈیا بھی انہیں بھرپور توجہ دیتا ہے، اس کی مثال گزشتہ برس فروری میں بھارت کے ساتھ پاکستان کے مسلح تصادم کے موقع پر پاکستانی موقف کی غیر متوقع طور پر عالمی پذیرائی اور پھر کرونا بحران میں غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کے ان کے مطالبے کو اہمیت ملنا ہے۔

کرونا پر قابو پانے کے معاملے میں تو اقوام متحدہ سے لے کر بل گیٹس تک سب عمران خان کی تعریفیں کررہے ہیں، خارجہ محاذ پر عمران خان کی کامیابیاں ان کی اندرونی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے میں مدد دیتی ہیں ،

ان حالات میں عمران کہیں جاتے نظر نہیں آتے ، اس وقت اپوزیشن یا خود تحریک انصاف کے اندر ان کا کوئی متبادل نظر نہیں آتا،

Leave A Reply

Your email address will not be published.