جرمنی میں انوکھی چوری، کمرہ و تجوری کھولے بغیر کئی ملین یورو لے اڑے

0

برلن: جرمنی جیسے سخت سیکیورٹی والے ملک میں چور  ایک سرکاری دفتر سے بڑی رقم کا صفایا کرکے چلتے بنے، چوروں نے مال پر ہاتھ صاف کرنے کیلئے جدید طریقہ اپنایا، جس کی وجہ سے کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوئی، واردات کے بعد ملزمان کا پڑوسی ملک ہالینڈ فرار ہونے کا شبہ ہے۔

تفصیلات کے جرمنی کے مغربی شہر ڈوس برگ کے قریب ہالینڈ کے بارڈر سے کچھ ہی دور واقع Emmerich میں چھٹی والے دن چور کسٹم آفس سے 6.5 ملین یورو لوٹ کر لے گئے، جرمن تفتیش کاروں کے مطابق واردات میں ممکنہ طور پر 3 چور ملوث ہیں، جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے، اور اس کیلئے ان کی تصاویر سے مدد لینے کی کوشش کی جارہی ہے، تفتیش کاروں نے بتایا کہ چور بہت تربیت یافتہ تھے، اور انہوں نے بڑی احتیاط سے منصوبہ بندی کی تھی، انہوں نے رقم والے کمرے میں جانے کے بجائے، جہاں جانے سے الارم وغیرہ بجنے کا خطرہ ہوتا ہے، ساتھ والے کمرے کا استعمال کیا، چور اپنے ساتھ ڈرل مشین لائے تھے، انہوں نے دوسرے کمرے سے ڈرل کے ذریعہ تجوری تک رسائی حاصل کی، اور وہاں سے رقم نکال کر چلتے بنے۔ عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے صبح 6 بجے کے قریب پہلے ڈرل مشین چلنے کی آواز سنی اور اس کے تین گھنٹے بعد 3 افراد جو کیپ پہنے ہوئے تھے، عمارت سے سامان کے ساتھ باہر آتے دیکھے، انہوں نے تھیلے گاڑی میں رکھے اور پھر تیزی سے گاڑی لے کر نکل گئے، کچھ عینی شاہدین نے ان کی تصاویر بھی بنالی۔

پولیس نے ملزمان کی تصاویر شائع کرکے لوگوں سے شناخت اور اطلاع دینے کی اپیل کی ہے، اور انہیں پکڑوانے والوں کو ایک لاکھ یورو کا انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے، ایک عینی شاہد کے مطابق چور 4 تھے، اور چوتھا چور واردات کے وقت باہر گھومتا رہا، اور بعد میں الگ کار میں اسی سمت روانہ ہوگیا، جہاں باقی تین گئے تھے، واردات جس علاقے میں ہوئی ہے، وہ ہالینڈ کی سرحد کے بہت قریب ہے، اس لئے یہ شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہوسکتا ہے چور پڑوسی ملک میں فرار ہوگئے ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.