پنجاب پھر بازی لے گیا، عقیدت مندوں کی دعائیں رنگ لے آئیں

صوبے بھر میں اولیائے کرام کے مزارات کھولنے کا اعلان

0

پنجاب حکومت پھر بازی لے گئی، عقیدت مندوں کی دعائیں رنگ لے آئیں،صوبے بھر میں اولیائے کرام کے مزارات کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے پنجاب حکومت پہل کر رہی ہے اور اس مرتبہ بھی عقیدت مندوں اور زائرین کا خیال رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے اوقاف کے زیر اہتمام 544مزارت کو بھی دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مزارات عید کے بعد کھل جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ اوقاف کی آمدن میں کمی اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں دشواریوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ محکمہ اوقاف کو 544 مزارات سے ماہانہ کروڑوں روپے آمدن ہوتی ہے جس سے ملازمین کی تنخواہوں سمیت دیگر اخراجات پورے کئے جاتے ہیں۔

داتا دربار ، دربار پاکپتن، بری امام، بہاؤالدین زکریا سمیت صوبے بھر کے مزارات اور درگاہیں کھولنے کا فیصلہ صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت کی زیرصدارت کابینہ کی سب کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کھ مزارات کے حوالے سے ایس او پیز تیار کی جا رہی ہیں تاکہ زائرین کی حاضری کے دوران کرونا سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔ ایس او پیز کی تیاری کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مزارات عید کے بعد کھل جائیں گے۔ اجلاس میں جمعۃ الوداع، یوم القدس اور عیدالفطر کے موقع پرکرونا ایس او پیز اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عید کے بڑے اجتماعات کی اجازت دینے کے حوالے سے سفارشات کا جائزہ بھی لیا گیا تاہم حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔ اس بارے میں فیصلہ وفاق سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کہتے ہیں کہ نئے ایس او پیز کے جاری ہونے تک مارکیٹ اور مساجد میں موجودہ ایس او پیز بالخصوص مقررہ اوقات کی سخت پابندی کرائی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.