خیبر پختون خواہ کے ضلع مردان کی انتظامی کمانڈ میاں بیوی کے حوالے

0

پشاور:میاں بیوی دونوں افسر ہوں، یہ تو کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے، لیکن ایک ضلع کی انتظامی کمان ان کے ہاتھ آجائے یہ شائد پہلی بار ہوا ہے۔

خیبر پختونخواہ کے ضلع مردان میں انتظامی امور کی بھاگ دوڑ ایک ہی جوڑے کے پاس آگئی، جو سوشل میڈیا  پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی، اور صارفین نے خیبر پختون خواہ حکومت کے اس فیصلے کو خوب سراہا۔

اسسٹنٹ کمشنر گل بانو گزشتہ برس سے مردان میں تعینات تھیں، اور انہیں ایک اچھا انتظامی افسر سمجھا جاتا ہے۔

اب کے پی حکومت نے ان کے شوہر پولیس افسر ڈاکٹر زاہد کو بھی مردان میں ڈی پی او تعینات کردیا ہے، جس کے بعد مردان اب انتظامی طور پر اس جوڑے کے پاس آگیا ہے۔

ڈاکٹر زاہد اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ، ڈی پو او نوشہرہ اور ڈی پی او ہری پور کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ویسے تو عام طور پر پولیس اور انتظامی افسران یعنی اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کے درمیان اختیارات کی سرد جنگ چلتی رہتی ہے، لیکن اب مردان میں پولیس اور انتظامی کمانڈر ایک ہی گھر سے ہیں تو دیکھتے ہیں یہ کشیدگی تعاون میں بدلتی ہے یا روایت برقرار رہتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.