اٹلی پہنچنے کی خواہش میں 50 تارکین وطن ڈوب گئے

0

روم:اٹلی پہنچنے کی خواہش لئے 50 سے زائد تارکین وطن سمندر کی بے رحم موجوں کا شکار ہوگئے۔

آنکھوں میں یورپ پہنچنے اور حسین مستقبل کا خواب سجائے تارکین وطن کو اٹلی لے جانے والی کشتی تیونس میں ساحل کے قریب ڈوب گئی جس کے نتیجے میں بدقسمت کشتی میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدقسمت تارکین وطن کی اکثریت کا تعلق افریقی ممالک سے تھا، جو تیونس کے ساحلی علاقے سے ایک کشتی میں اٹلی کیلئے روانہ ہوئے تھے،تاہم 4 یا 5 جون کو ان کی کشتی کرکینا جزائر کے پاس ڈوب گئی۔

تیونسی حکام کا کہنا ہےکہ کشتی میں ممکنہ طور پر 53 افراد سوار تھے، جن میں سے کوئی بھی بچ نہیں سکا۔

حکام نے بتایا کہ واقعہ کا علم کشتی ڈوبنے کے چار سے پانچ روز بعد اس وقت ہوا جب ان جزائر کے قریب ماہی گیری کرنے والے مچھیروں نے علاقے میں تیرتی ہوئی انسانی لاشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

 جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں بھیجی گئیں۔

تیونسی حکام کے مطابق 39 لاشیں سمندر سے نکالی گئی ہیں،جن میں 22 خواتین شامل ہیں جبکہ اس  کے علاوہ تین بچوں کی لاشیں بھی ملی ہیں،باقی لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی مہاجرین ایجنسی کے مطابق رواں برس تیونس سے اٹلی پہنچنے کی کوششوں میں تین گنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.