سروسز چیفس کے بعد کورکمانڈرز کا اہم اجلاس، کشمیر کی صورتحال پر غور

0

راولپنڈی: پاک فوج نے بھارت کے مذموم عزائم ناکام بنانے کاعزم دہرایا ہے اور کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر مظالم اور دہشت گرد گروپوں کی بھارتی معاونت کو بے نقاب کیا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں ملک  کی بیرونی واندرونی سلامتی صورتحال پر غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ کورکمانڈرز کانفرنس سے ایک روز قبل منگل کو تینوں سروسز چیفس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور دوست ملک چین اور بھارت میں سرحدی معاملات پر بریفنگ دی گئی تھی، جسےموجودہ صورتحال میں اہم قرار دیا گیا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں بھی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق  کورکمانڈرز کانفرنس کو قومی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، فوجی قیادت نے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا، جو افغان امن عمل کے بتدریج آنے والے اثرات ہیں۔

کانفرنس نے کورونا، ٹدی دل حملے اور پولیو مہم کیلئے حکومتی اداروں کی مدد کا بھی جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوج ان مسائل  سے نمٹنے کیلئے بھرپور تعاون کرتی رہے گی، کورونا کے حوالے سے فوجی کمانڈرز نے کہا کہ اس وبا سے نمٹنے کیلئے  قوم کے ہر فرد کو  احتیاطی تدابیر کے ذریعہ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.