کن ممالک کے شہریوں کو داخلے کی اجازت دی جائے؟ یورپی یونین اختلافات کا شکار

0

برسلز: یورپی یونین اپنے رکن ممالک کیلئے دوسرے ملکوں کے شہریوں کے دروازے کھولنے پر اختلافات کا شکار ہوگئی ہے اور ان اختلافات کو ختم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں، تاکہ منگل تک اس حوالے سے ووٹنگ  کرائی جاسکے، یورپی ممالک میں یہ اختلاف امریکہ اور چین کے معاملے پر ہے، تاہم پاکستان اس فہرست میں شامل نہیں، جن کے شہریوں کو یورپ کا سفر کرنے کی اجازت دینے کا معاملہ زیر غور  ہے۔

اس سےقبل ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ کرونا سےدنیا میں چوتھا بدترین متاثرہ ملک  بھارت یورپی لسٹ میں شامل ہے،تاہم  14 ممالک کی جو تازہ فہرست سامنے آئی  ہے ،اس میں بھارت  کا نام بھی شامل نہیں  ہے، اس طرح پاکستان اور بھارت دونوں  کے شہری یورپی ممالک کا فی الحال سفر نہیں کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ اس حکم کا اطلاق یورپی ممالک کے شہریوں یا وہاں کے پرمٹ رکھنے والوں پر نہیں ہوگا، جنہیں پہلے ہی سفر کی اجازت حاصل ہے، یہ افراد معمول کے مطابق اپنے متعلقہ ملک کا سفر کرسکیں گے۔

اختلافات کس پر ہیں؟

یورپی رہنماؤں نے کرونا کے حوالے سے 14 محفوظ ممالک  کی فہرست تیار کی ہے جنہیں جولائی  سے یونین کے رکن ممالک کے سفر کی اجازت   دینے کا فیصلہ متوقع ہے، تاہم اس فہرست میں امریکہ کا نام شامل نہیں ہے، یعنی امریکی شہری یورپ کا سفر نہیں کرسکیں گے، کیوں کہ امریکہ کرونا کیسز کے حوالے سے اس وقت دنیا میں سرفہرست ہے۔

امریکہ کے حامی بعض یورپی ممالک امریکی شہریوں کو بھی اجازت دینے کیلئے لابنگ کررہے ہیں، اور اس معاملے پر اختلاف سامنےآیا ہے، دیگر ممالک کا کہنا ہے محفوظ ممالک کی فہرست کا پیمانہ صرف کرونا کی صورتحال کو بنایا جائے اور اس میں سیاسی مداخلت نہ کی جائے۔

اسی طرح چین کو مشروط طور پر اس لسٹ میں شامل کرنے پر بھی کچھ ملکوں کو اعتراض ہے، جو اس بیماری کے پھیلاؤ کو چین سے جوڑ رہے ہیں۔

کچھ  یورپی ممالک اس کیلئے یکساں طبی فارمولا لاگو کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ  یورپ میں  اس وقت  ہر  لاکھ افراد میں سے 16اوسطاً وائرس  سے متاثر ہیں،یہی فارمولااجازت کیلئے رکھا جائے،جو ممالک ان پر پورا اترتے ہیں،صرف انہیں اجازت دی جائے،تاہم اس فارمولے کی صورت میں امریکہ کے ساتھ کینیڈا بھی  یورپی لسٹ سے باہر ہوسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.