مصنوعات کے بائیکاٹ کا کھیل بھارت کو مہنگا پڑگیا، چین جوابی جھٹکا دینے کو تیار

0

دہلی:بھارت  کی طرف سے لداخ  میں  پٹائی کے بعد چینی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم  چلانے اور ایپس پر پابندی کے بعد چین نے جوابی اقدام کی تیاری شروع  کردی ہے، چینی حکومت نےدنیا کی بڑی آن لائن شاپنگ کمپنی علی بابا پر بھارتی مصنوعات کی فروخت روکنے پر غور شروع کردیا ہے۔

اقدام سے بھارت کو سالانہ 11 ارب ڈالر کا جھٹکا لگے گا اور بھارت میں لاکھوں افراد بے روزگار ہوجائیں گے ،بڑی تعداد میں بھارتی  کمپنیوں کو تالے لگ جائیں گے۔

چینی حکام کے مطابق علی بابا پر بھارتی کمپنیاں سالانہ 11 ارب ڈالر کی مصنوعات فروخت کررہی ہیں، اور یہ 11 ارب ڈالر بھارتی معیشت کیلئے بڑا سہارا ہیں، جو اس وقت منجدھار میں پھنسی ہوئی ہے۔

علی بابا پر بھارتی مصنوعات کی فروخت رکنے کی صورت میں بھارت میں بڑی تعداد میں کمپنیاں بند ہوجائیں گی، جن کا انحصار علی بابا پر ہے، اس کے نتیجے میں 30 سے 50  لاکھ تک نوکریاں بھارت میں ختم ہوسکتی ہیں۔

چینی حکام کی جانب سے بھارت کیخلاف جوابی تجارتی اقدام کا عندیہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے،جب بھارت لداخ میں فوجی طور پر پسپا ہونے کےبعد چینی مصنوعات کے بائیکاٹ  کی مہم چلارہا ہے، اور کئی چینی کمپنیوں کے ٹھیکے بھی منسوخ کئے گئے ہیں۔

اس سے قبل بھارت نے ٹک ٹاک سمیت  چین سے تعلق رکھنے والی 59 ایپس کو ملکی سالمیت اور دفاع کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی لگادی تھی، ان میں ٹک ٹاک، یو سی براؤزر، وی چیٹ ،کلیش آف کنگزاور بیگو لائیو جیسی بڑی ایپس شامل ہیں۔

بھارتی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے یہ اقدام لداخ میں سرحدی تصادم کے بعد اٹھایا ہے، جس میں بھارتی فوج کو بھاری  جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

 بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی شہریوں کے  ڈیٹا، پرائیویسی سمیت چینی ایپس  ملکی سلامتی کیلئے بھی خطر ہ تھیں، انڈین سائبر کرائم سینٹر نے ان ایپس کو بلاک کرنے کی سفارش کی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.