ٹرمپ کے وارنٹ، امریکہ نے ایرانی اقدام ڈرامہ قرار دیدیا

0

واشنگٹن: امریکہ نے ایران کی جانب سے صدر ٹرمپ سمیت 35 عہدیداروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ڈرامہ کررہا ہے، وہ خود بھی جانتا ہے کہ اس کے وارنٹ کی کوئی قانونی یا اخلاقی حیثیت نہیں ہے۔

ایران کیلئے  امریکی مندوب  برائن ہک نے  کہا ہے کہ ایران نے  پروپیگنڈہ کیلئے یہ شوشہ چھوڑا ہے،اور اسے دنیا میں کوئی سنجیدہ نہیں لے گا،سعودی عرب کے دورے کے دوران پریس کانفرنس میں  برائن ہک  نے سوال کرنے والے صحافیوں سے کہا کہ آپ اسے  پروپیگنڈہ سے زیادہ اہمیت نہ دیں ،ویسے بھی  یہ سیاسی مسئلہ ہے، اور انٹرپول اس طرح کے معاملات  سے دور رہتا ہے ۔

ایران کا اعلان

ایران نے پاسدران انقلاب کے سربراہ  جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے پیر کو صدر ٹرمپ  سمیت 35 امریکی عہدیداروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، تاہم صدر ٹرمپ کے علاوہ کسی اور کے نام ظاہر نہیں کئے تھے ۔

تہران کے پراسیکیوٹرعلی القاسم مہر کا کہنا تھا جنرل قاسم کو امریکی صدر کی ہدایت پر نشانہ بنایا گیا تھا، انہوں نے انٹرپول سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی صدر کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کرے۔

 ایرانی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ دیگر افراد میں امریکی  فوجی اور سول افسران شامل ہیں، تاہم اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.