وزیراعظم کےمشیران اور معاونین خصوصی کی تفصیلات منظر عام پر آگئی، کون کون دوہری شہریت کا حامل

0

اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے وزیر اعظم عمران خان کے مشیران اور معاونین خصوصی کے اثانوں اور شہریت سے متعلق تفصیلات جاری کردی ہیں، وزیراعظم کے15 معاونین خصوصی میں سے 7 دوہری شہریت، کسی دوسرے ملک کے مستقل رہائشی یا گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم کے معاون خصوصی  برائے نیشنل سیکیورٹی معید یوسف  امریکا میں مستقل رہائش کا اسٹیٹس رکھتے ہیں، جبکہ معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کے پاس برطانیہ کی شہری ہیں، جبکہ معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر اور معاون خصوصی برائے امور توانائی شہزاد قاسم کے پاس امریکی شہریت ہے۔

معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدریس کے پاس کینیڈا کی شہریت ہے اور وہ سنگاپور کی مستقل رہائشی ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور ندیم افضل چن بھی کینیڈا کے مستقل رہائشی ہیں۔

مشیران کی تفصیلات

کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم کے 5 مشیروں میں سے کسی کے پاس دوہری شہریت نہیں۔

اثاثوں کی تفصیلات

مشیران

حفیظ شیخ

مشیر برائے خزانہ حفیظ شیخ نے 13 کروڑ کا بینک بیلنس ہے،ا اس کے علاوہ ان کے پاس 2 کروڑ مالیت کی زرعی اراضی، 50 لاکھ مالیت کی گاڑی، 20 لاکھ کے زیورات ہیں،انہوں نے دبئی میں اہلیہ کے نام پر 13 کروڑ کا گھر ظاہر کیا ہے۔

عبدالرزاق داٶد

مشیر تجارت ایک ارب 35  کروڑ اثاثوں کے مالک ہیں، اس کے علاوہ شیئرز کی مد میں52 کروڑ کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے جبکہ ان کے پاس 3 کروڑ کی زرعی اراضی بھی ہے۔

عبدالرزاق داٶد نے 27 کروڑ کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے،ان کے پاس 4کروڑ 15 لاکھ روپے کی جائیداد بھی ہے۔

ان کی اہلیہ 49 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں، اہلیہ نے 13 کروڑ کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے جبکہ 7 کروڑ روپے کی جائیداد بھی ہے۔

مشیر تجارت کی اہلیہ کے پاس 100 تولہ سونا بھی ہے۔

ملک امین اسلم

مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اہلیہ کے نام پر 50 لاکھ کی سرمایہ کاری شئیرز کی مد میں کررکھی ہے، اہلیہ کے نام پر92 لاکھ روپے کی۔ تین گاڑیاں ہیں، ایک لاکھ روپے کے زرعی آلات جبکہ ڈیڑھ لاکھ روپے فرنیچر کے بھی مالک ہیں۔

ملک امین اسلم نے ایک کروڑ 47 لاکھ روپے کا بینک بیلنس بھی اثاثہ جات میں ظاہر کیا ہے، مشیر موسمیاتی تبدیلی نے اہلیہ کے نام پر 10 لاکھ 75 ہزار روپے کی جائیداد بھی ظاہر کی ہے، ملک امین اسلم وراثتی طور پر حاصل کی گئی 15 جائیدادوں کے مالک ہیں۔

بابر اعوان

مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان وراثتی طور پر حاصل کی گئی ساڑھے 16 کروڑ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں، انہوں نے اسپین میں ایک کروڑ روپے کی جائیداد بھی ظاہر کی ہے، اور 47 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔

بابر اعوان کے پاس ایک کروڑ 68 لاکھ روپے مالیت کی 6 گاڑیاں ہیں جبکہ 20 لاکھ روپے کے زیورات اور لاکھ روپے کے فرنیچر کے بھی مالک ہیں، 18 لاکھ روپے کے زرعی آلات ہیں۔

ان کے پاس تین لاکھ روپے کی کلب ممبر شپ بھی ہے، 5 کروڑ سے زائد نقد رقم جبکہ 2 کروڑ سے زائد رقم بینک اکاؤنٹس میں ظاہر کی ہے۔

عشرت حسین

مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین بھی ایک ارب 70 کروڑ روپے کے مالک ہیں۔

معاونین خصوصی کے اثاثوں کی تفصیلات

ندیم بابر

جاری تفصیلات کے مطابق  معاون خصوصی  برائے پیٹرولیم ندیم بابر 2 ارب 75 کروڑ روپے کے مالک ہیں جبکہ ان کی پاکستان اور بیرون ملک جائیدادیں بھی ہیں اور بیرون ممالک دو درجن سے زائد کمپنیوں میں شیئرز بھی ہیں۔

ان کے پاس تقریبا 13 کروڑ کی کمرشل اراضی بھی ہے۔

زلفی بخاری

برطانوی شہریت رکھنے والے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری پاکستان میں 1300 کنال سے زائد اراضی کے مالک ہیں۔

دستاویز کے مطابق اسلام آباد میں زلفی بخاری کے 34 کنال اراضی پر مشتمل پلاٹس ہیں جب کہ لندن میں 48 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز کی جائیداد کے بھی مالک ہیں، اس کے علاوہ بیرون ملک 5 کمپنیوں کے شیئرز بھی ہیں۔

دستاویزمیں بتایا گیا ہے کہ زلفی بخاری کی اہلیہ کے پاس 5 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا سونا ہے، زلفی بخاری اور ان کی اہلیہ کے پاکستان میں 24 لاکھ روپے بینکوں میں موجود ہیں۔

دستاویز کے مطابق زلفی بخاری کی بیرون ملک بینکوں میں 17 لاکھ پاونڈ رقم موجود ہے۔

شہزاد قاسم

معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد سید قاسم کے دبئی میں تین گھروں کی مالیت دو کروڑ درہم سے زائد ہے، شہزاد سید قاسم کی امریکا میں پراپرٹی کی قیمت 8 لاکھ 65 ہزار ڈالر ہے، شہزاد سید قاسم کے امریکامیں بینک اکاونٹس میں 21 لاکھ ڈالر کی رقم موجود ہے، شہزاد سید قاسم کے دبئی میں بینک اکاونٹس میں 18 لاکھ درہم موجود ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق معاون شہزاد سید قاسم کے پاس 97 لاکھ روپے مالیت کے چار پلاٹ ہیں، شہزاد سید قاسم نے پاکستان میں 12 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

عاصم سلیم باجوہ

معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات عاصم سلیم باجوہ 15 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس گلبرگ گرین میں 7 کروڑ روپے مالیت کا فارم ہاؤس بھی ہے، ان کے پاس کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں 5 پلاٹس بھی ہیں جب کہ عاصم سلیم باجوہ رحیم یار خان اور بہاولپور میں 65 ایکڑ اراضی کے بھی مالک ہیں۔

شہباز گل

امریکی گرین کارڈ ہولڈر شہباز گل کے ذمے 2 کروڑ 42 لاکھ کے واجبات ہیں تاہم ان کے موجودہ اثاثوں کی مالیت 9 کروڑ 44 لاکھ روپے ہے۔

دستاویز کے مطابق شہباز گل پاکستان میں ایک پلاٹ، فارم ہاؤس اور بیرون ملک ایک گھر کے مالک ہیں۔

عثمان ڈار

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اثاثوں کی مالیت 6 کروڑ روپے ظاہر کی ہے، عثمان ڈار نے سیالکوٹ میں زرعی اراضی اور کارروبار کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

معید یوسف

معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی بھی کروڑوں روپے کے اثاثون کے مالک ہیں

ندیم افضل چن

معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور ندیم افضل چن کےاثاثوں کی مالیت3کروڑ 80 لاکھ سے زائد ہے۔

شہزاد اکبر

معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے اثاثوں کی مالیت 7 کروڑ 23لاکھ ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا

معاون خصوصی صحت ظفر مرزا 5 کرو 70 لاکھ روپے کے مالک ہیں، معاون خصوصی کے پاس 2 کروڑ روپے مالیت کا گھر اور 3 کروڑ کے پلاٹس بھی ہیں، اہلیہ کے پاس 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات بھی ہیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر

احساس پروگرام کی چیئر پرسن معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے اکاؤنٹس میں ایک کروڑ 48 لاکھ روپے ہیں جب کہ وہ پانچ لاکھ کے زیورات کی بھی مالک ہیں۔ ان پاس موجود ہنڈا سوک کار شوہر کے نام پر ہے۔

شہزاد ارباب

معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن شہزاد ارباب کے اثاثوں کی مالیت 12 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

یار محمد رند

معاون خصوصی یار محمد رند کے اثاثوں کی مالیت 81 کروڑ 24 لاکھ روپے ہے۔

علی نواز اعوان

معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان 4 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

تانیہ ایدریس

معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس 71 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.