اٹلی میں بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا

0

بریشیا:تحریک کشمیر اٹلی و یورپ کی جانب سے بھارتی یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ منایا گیا، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ پر تمام سیاسی و مذہبی تنظیمیں یکجہا ہوگئیں، اٹلی سمیت یورپ بھر میں کشمیر کی تحریک کو تیز کرنے کا عزم کا اظہار کیا ہے۔

اٹلی کے شہر بریشیا میں یوم سیاہ کی موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی صدارت صدر تحریک کشمیر یورپ راجہ فہیم کیانی نے کی،صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی نے خصوصی شرکت کی، ۔

کانفرنس میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، منہاج القران، ای یو پاک فیڈریشن یورپ سمیت اٹلی بھر سےدیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ کشمیری عوام پر ظلم ڈھانے والے بھارت کو یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے، مودی کی دہشت گردی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی ہے، کشمیری عوام خوش نصیب ہیں جن کے ساتھ پاکستانی قوم کھڑی ہے اور گزشتہ 72 سالوں میں ایک بھی لمحہ ایسا نہیں آیا جب پاکستانی کشمیر کاز سے ایک قدم پیچھے ہٹے ہوں۔

فہیم کیانی نے کہا کہ پاکستان سفارتی محاذ پر نہ ناکام ہوا ہے اور نہ ہوگا، کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو سیاسی اختلافات ختم کرکے جہدوجہد کرنا ہوگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے، مودی کی دہشت گردی نے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھا دیے ہیں۔

 دیگر مقررین نے یوم سیاہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہر محاذ پر ساتھ کھڑے ہیں اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ہم احتجاج کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

تقریب سے مسلم لیگ ن کے رہنما ملک رضا، اسلامک سوسائٹی اٹلی کے صدر طاہر محمود، عوام دوست اٹلی کے صدر چوہدری تجمل کھٹانہ، ساجد شاہ، صوفی مظہر ودیگر نے خطاب کیا۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.