لبنان کی مدد کیلئے اٹلی متحرک، وزیراعظم بھی دورہ کریں گے 

0

بیروت: اٹلی کے وزیراعظم  جوزپے کونتے آئندہ چند روز میں لبنان کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ حالیہ دھماکوں سے ہونے والی تباہی پر لبنانی قیادت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔

اس دورہ سے قبل اطالوی وزیردفاع لورینزو گورینی بھی امداد لے کر پیر کو بیروت پہنچے، جہاں انہوں نے لبنانی صدر مچل  عون سے ملاقات کی، اور اطالوی حکومت کی طرف سے بیروت دھماکوں پر تعزیت کا پیغام پہنچایا۔

واضح رہے کہ 4 اگست کو بیروت بندرگاہ پر رکھا امونیم نائٹریٹ پھٹنے سے شہر میں تباہی ہوئی تھی، اور 180 افراد ہلاک اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اطالوی وزیردفاع نے لبنانی حکومت کو تعمیر نو سمیت ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، انہوں نے کہا کہ لبنان اور اٹلی کا قریبی تعلق ہے،  جسے مزید مضبوط بنایا جائے گا، اٹلی لبنان کی بھرپور مدد کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اطالوی بحریہ کا ایک جہاز بھی امدادی مشن پر بیروت پہنچا ہے، جو فیلڈ اسپتال قائم کرے گا، جس میں کرونا مریضوں کے علاج کی سہولت بھی میسر ہوگی، اس موقع پر لبنانی صدر نے امداد پر اٹلی کا شکریہ اداکیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.