دوسری شادی کے خواہشمند افراد کیلئے سپریم کورٹ سے بڑی خبر آگئی

0

اسلام آباد: دوسری شادی کے خواہشمند پاکستانی مردوں کے لئے سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ سنا دیا، پہلی بیوی سے اجازت لئے بغیر شادی کی تو اس کی قیمت بھی ادا کرنی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ پہلی بیوی سے اجازت لئے بغیر کسی نے دوسری شادی کی تو اسے پہلی بیوی کو حق مہر فوری ادا کرنا ہوگا، اور اس میں معجل اور غیر معجل دونوں طرح کا حق مہر شامل ہوگا۔

سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ پشاور کے رہائشی محمد جمیل کی طرف سے دائر درخواست پر دیا ہے، محمد جمیل نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرلی تھی ، جس پر پشاور ہائیکورٹ نے اسے فوری طور پر پہلی بیوی کو پورا حق مہر ادا کرنے کا حکم دیا تھا ، تاہم اس نے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے حق مہر کی فوری ادائیگی کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج کر دی اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ۔ جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی ، جبکہ 5 صفحات کا فیصلہ جسٹس مظاہر نے تحریر کیا ہے۔

فیصلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ دوسری شادی کے لئے پہلی بیوی یا ثالثی کونسل کی اجازت لازمی ہے، دوسری شادی کیلئے اجازت کا قانون معاشرے کو بہتر انداز سے چلانے کیلئے ہے، اس قانون کی خلاف ورزی سے کئی مسائل جنم لیں گے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر فوری ادا کرنا ہوگا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.