الٹی گنتی شروع، نوازشریف بچنے کیلئے لندن کے اسپتال میں داخل ہوں گے؟

0

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے نوازشریف کو سرینڈر کرنے کے لئے 10 ستمبر تک کی مہلت دینے کے بعد لیگی قائد کے لئے الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، دوسری طرف شریف فیملی اس فیصلے کے بعد شدید پریشان نظر آتی ہے، نوازشریف کو 10 ستمبر سے قبل لندن میں مرضی کے کسی نجی اسپتال میں داخل کرانے پر بھی غور کیا جارہا ہے، تاکہ عدالت میں رپورٹ پیش کی جاسکے کہ نوازشریف واقعی بیمار ہیں ۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے منگل کی شب العزیزیہ ریفرنس کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا ہے، جس میں عدالت نے واضح کردیا ہے کہ نوازشریف نے علاج کے لئے 8 ہفتے کی ضمانت لی تھی ، جو ختم ہوچکی ہے، اور اب وہ ضمانت پر نہیں ہیں۔

4 صفحات پر مشتمل فیصلے میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ نوازشریف انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے 10 ستمبر سے پہلے متعلقہ حکام کے سامنے سرینڈر کریں ، اور اگلی سماعت پر عدالت میں بھی پیش ہوں، بصورت دیگر عدالت نیب آرڈی نینس کے ساتھ دیگر متعلقہ قوانین کے تحت بھی مجرم کیخلاف کارروائی پر غور کرے گی۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ نوازشریف نے بیرون ملک جانے سے آگاہ نہیں کیا، اور یہ کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ پر اثر انداز نہیں ہوتا ، جہاں نوازشریف کی العزیزیہ کیس میں مین اپیل زیر سماعت ہے۔

لندن میں مشورے 

ذرائع کے مطابق شریف فیملی کو دن کی سماعت میں عدالت کی طرف سے سخت ریمارکس کے باوجود یہ توقع تھی کہ شائید تحریری حکم میں ان کے لئے کوئی بچت کا راستہ نکل آئے ، اور اس لئے شدت سے انہیں تحریری حکم کا انتظار تھا ، تاہم منگل کی شب عدالت کا تحریری فیصلہ آنے کےبعد ان کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔

ذرائع کےمطابق نوازشریف نے لندن میں موجود اسحق ڈار اور دیگر قریبی افراد سے مشاورت کی ہے، جبکہ شریف فیملی کے افراد نےپاکستان میں بھی قانونی مشاورت کے لئے رابطے کئے، تاہم انہیں کوئی حوصلہ افزا جواب نہیں ملا۔

ذرائع کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ نوازشریف آئندہ دو چار روز میں لندن میں اپنی مرضی کے کسی نجی اسپتال میں داخل ہوجائیں گے ، اور پھر اس کی رپورٹ 10 ستمبر کو عدالت میں پیش کردی جائے گی ، کہ وہ لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.