میلان: فلموں میں تو آپ خطرناک ملزمان کے فرار کی کہانیاں دیکھتے ہیں، لیکن اٹلی میں ایک مجرم نے تیسری بار فرار ہوکر ثابت کیا کہ فلموں میں کچھ غلط بھی نہیں دکھایا جاتا، اٹلی میں قتل کا ایک مجرم تیسری بار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے، اور اب پولیس اس کی تلاش میں ہے۔
اطالوی میڈیا کے مطابق قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے 60 جوزپے میسٹنی جو (جونی دی گپسی) کے نام سے بھی مشہور ہے، سابقہ فرار کی وجہ سے خطرناک مجرم سمجھا جاتا تھا اور اسی لئے اسے سردانیہ کی ہائی سیکورٹی جیل میں قید رکھا گیا تھا، تاہم کرونا کی وجہ سے اسے بھی دیگر قیدیوں کے ساتھ عارضی طور پر رہائی دی گئی، اسے ہفتہ کے روز واپس جیل میں رپورٹ کرنی تھی، لیکن وہ نہیں آیا، جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کردی ہے، مجرم کا اصل تعلق بیرگامو سے ہے، لیکن اس کا خاندان روم منتقل ہوگیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جونی دی گپسی نے پہلا قتل 11 برس کی عمر میں کیا تھا، پہلی بار 1987 میں جیل سے فرار ہوا تھا، اور دو برس مفرور رہا، جس کے دوران اس نے ڈکیتیوں کے ساتھ ایک پولیس افسر کو بھی قتل کردیا تھا، اور ایک جوان لڑکی کو بھی اس نے یرغمال بنایا تھا، اسے دوبارہ پولیس نے گرفتار کیا، لیکن 2014 میں اسے غلط طور پر عارضی رہا کیا گیا تو وہ فرار ہوگیا، اسے دوبارہ پکڑا گیا لیکن جون 2017 میں وہ ایک بار پھر پرانا طریقہ استعمال کرکے جیل سے نکل جانے میں کامیاب ہوگیا تھا، اور اب پھر ایسا ہی ہوا ہے۔